کچرے سے برقی تیار ہونے والے جنوبی ہند کے پہلے برقی پلانٹ کا افتتاح

   

گندگی اور بدبو کا مستقل خاتمہ مزید دو ڈمپنگ یارڈ کے لیے بہت جلد سنگ بنیاد رکھنے کے ٹی آر کا اعلان
حیدرآباد :۔ ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر نے آج شہر حیدرآباد میں کچرے سے پیدا ہونے والے جنوبی ہند کے پہلے برقی پلانٹ کا افتتاح کیا ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کے ٹی آر نے کہا کہ جواہر نگر ، دمائی گوڑہ کے عوام نے گندگی اور بدبو کی جو شکایت کی تھی اس کا مستقل حل برآمد کرنے کے لیے یہ پاور پلانٹ قائم کیا گیا ہے ۔ اس سے 19.8 میگاواٹ برقی پیدا ہوگی ۔ شہر حیدرآباد کے جواہر نگر میں جی ایچ ایم سی اور رامکی انورو انجینئرس کے اشتراک بلدی مبلہ پر برقی ( ویسٹ ٹو انرجی ) تیار کی جائے گی ۔ اس برقی پلانٹ کو عصری ٹکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے تعمیر کیا گیا ہے اور یہ برقی پلانٹ عوامی صحت کے لیے نقصان دہ بھی نہیں ہوگا ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ شہر حیدرآباد میں روزانہ 5 تا 6 ہزار ٹن کچرا جمع کرتے ہوئے اس کو جواہر نگر کے ڈمپنگ یارڈ میں جمع کیا جاتا تھا ۔ اس سے مقامی عوام کے مسائل کا جائزہ لیا اور مسائل کی یکسوئی کے لیے چیف منسٹر کے سی آر نے خصوصی دلچسپی دکھائی ۔ جواہر نگر اور دمائی گوڑہ کے عوامی مسائل کا مستقل حل دریافت کرنے کے لیے چیف منسٹر کے سی آر نے ویسٹ ٹو انرجی پلانٹ قائم کرنے کی منظوری دی ۔ 19.8 میگاواٹ برقی پلانٹ کا آج افتتاح کیا گیا ہے ۔ 1200 ٹن کچرا برقی پیداواری کے لیے استعمال کیا جائے گا ۔ جواہر نگر میں پہاڑوں کے مانند تبدیل ہونے والے کچرے کو 147 کروڑ روپئے سے کیاپنگ کرتے ہوئے اس کی خوبصورتی میں اضافہ کیا جائے گا ۔ اس سے مقامی عوام کی صحت پر کوئی اثر نہیں ہوگا اور نہ ہی بدبو پھیلے گی ۔ موجودہ برقی پلانٹ کے ساتھ مزید 28 میگاواٹ برقی پلانٹ کا سنگ بنیاد رکھا گیا ہے ۔ یہ پلانٹ کی تعمیرات 18 ماہ میں مکمل ہوجائے گی ۔ فی الحال جواہر نگر ڈمپنگ یارڈ کو خوبصورت بنانے کی ضرورت ہے ۔ مزید دو مقامات ضلع سنگاریڈی کے لکٹرا رام ضلع میدک کے پیارے نگر کی اراضیات کا انتخاب کیا گیا ہے ۔ جہاں پر ڈمپنگ یارڈس قائم کئے جارہے ہیں سائنٹفیک انداز میں اس کو مکمل کیا جائے گا ۔ بہت جلد ان ڈمپنگ یارڈس کے لیے سنگ بنیاد رکھا جائے گا ۔ اس موقع پر ریاستی وزیر لیبر ملا ریڈی مئیر حیدرآباد بی رام موہن کے علاوہ دوسرے موجود تھے ۔۔