کچھ غلطیاں ہوئی ہیں، الیکشن کمیشن کا اعتراف

   

نئی دہلی :/12 اگست (ایجنسیز)بہار میں ووٹر لسٹ کے خصوصی نظر ثانی (SIR) عمل کے خلاف دائر درخواستوں پر منگل کو سپریم کورٹ میں سماعت کے دوران زندہ افراد کو مردہ قرار دینے کا سنگین معاملہ سامنے آیا۔سماعت جسٹس سوریا کانت اور جسٹس جے باغچی کی بنچ کے سامنے ہوئی، جہاں آر جے ڈی لیڈر منوج جھا کی جانب سے پیش ہونے والے سینئر وکیل کپل سبل نے دعویٰ کیا کہ صرف ایک حلقے میں ہی 12 زندہ افراد کو مردہ قرار دیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بہار میں ایس آئی آر کے تحت 65 لاکھ ووٹروں کے نام ووٹر لسٹ سے خارج کیے جا چکے ہیں۔ الیکشن کمیشن کے وکیل راکیش دویدی نے تسلیم کیا کہ اس بڑے عمل میں کچھ خامیاں ہونا فطری بات ہے، تاہم یہ ایک مسودہ فہرست ہے اور اس پر دعوے و اعتراضات درج کروائے جا سکتے ہیں۔سپریم کورٹ کے سخت سوالات بنچ نے الیکشن کمیشن کو حکم دیا کہ وہ مکمل اعداد و شمار اور حقائق کے ساتھ تیار رہے، جن میں عمل شروع ہونے سے پہلے اور بعد ووٹروں کی کل تعداد اور مرنے والوں کے اندراج شامل ہوں۔ عدالت نے واضح کیا کہ اگر بڑے پیمانے پر ووٹروں کو خارج کیا گیا ہے تو وہ فوری مداخلت کرے گی۔

الیکشن کمیشن نے مغربی بنگال کے چیف سکریٹری کو طلب کیا
کولکاتہ، 12 اگست (یو این آئی) انتخابی کمیشن نے مغربی بنگال کے چیف سکریٹری منوج پنت کو قومی دارالحکومت میں طلب کیا ہے ۔ اس سے ایک دن پہلے ریاستی حکومت نے انتخابی کمیشن کو مطلع کیا تھا کہ وہ ووٹر فہرست میں ترمیم کی بے ضابطگیوں کے الزام میں پانچ افسران کو فوراً معطل نہیں کرے گی۔مسٹر پنت کو 13 اگست کو شام پانچ بجے تک دارالحکومت میں انتخابی کمیشن کے ہیڈکوارٹر، نرواچن سدن میں ذاتی طور پر حاضر ہو کر ریاست کا مؤقف واضح کرنے کی ہدایت دی گئی ہے ، جو ممتا بنرجی کی قیادت والی حکومت اور انتخابی کمیشن کے درمیان جاری کشیدگی میں ایک اورمدعا بن گیا ہے ۔یہ تنازعہ جنوبی 24 پرگنہ کے برئی پور مشرق اور مشرقی مدناپور کے موینا کی ووٹر فہرستوں میں مبینہ خامیوں سے پیدا ہوا ہے ۔ کمیشن نے 8 اگست کو دو انتخابی رجسٹریشن افسران (ای آر او)، دو اسسٹنٹ انتخابی رجسٹریشن افسران (اے ای آر او)اور ایک ڈیٹا انٹری آپریٹر کو معطل کرنے اور ان کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کے اپنے پہلے کے حکم کو دہرایا تھا۔