دیپا داس منشی اور ریونت ریڈی نے استقبال کیا، ورنگل لوک سبھا حلقہ سے کاویا کو ٹکٹ کا امکان
حیدرآباد۔/31 مارچ، ( سیاست نیوز) اقتدار سے محرومی کے بعد بی آر ایس پارٹی کی مشکلات میں اضافہ ہورہا ہے۔ پارٹی کے کئی سرکردہ قائدین کی کانگریس میں شمولیت کا سلسلہ جاری ہے اور تازہ ترین معاملہ میں سابق وزیر اور بی آر ایس کے رکن اسمبلی کڈیم سری ہری اور ان کی دختر ڈاکٹر کڈیم کاویا نے آج کانگریس پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی۔ بی آر ایس نے کڈیم کاویہ کو ورنگل لوک سبھا حلقہ سے امیدوار بنایا تھا لیکن انہوں نے اچانک الیکشن لڑنے سے انکار کردیا۔ اس کے بعد وہ اپنے والد کڈیم سری ہری کے ساتھ کانگریس میں شامل ہوگئیں۔ بتایا جاتا ہے کہ کانگریس پارٹی کڈیم کاویا کو
ورنگل لوک سبھا حلقہ سے امیدوار بنائے گی۔ کڈیم سری ہری جو تلگودیشم کے سینئر قائد تھے بی آر میں شمولیت کے بعد کے سی آر کے بااعتماد رفقاء میں شمار کئے جارہے تھے۔ حالیہ اسمبلی چناؤ میں سری ہری نے اسٹیشن گھن پور اسمبلی حلقہ سے کامیابی حاصل کی۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی کی قیامگاہ پر آج صبح اے آئی سی سی انچارج تلنگانہ دیپا داس منشی نے انہیں کانگریس کا کھنڈوا پہناکر استقبال کیا۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے بھی سری ہری اور ان کی دختر کی کانگریس میں شمولیت کا خیرمقدم کیا۔ اس موقع پر اے آئی سی سی سکریٹری روہت چودھری، چیف منسٹر کے مشیر نریندر ریڈی اور دیگر قائدین موجود تھے۔ دو دن قبل ہی دیپا داس منشی نے کڈیم سری ہری سے ان کی قیامگاہ پہنچ کر ملاقات کی تھی۔ اسٹیشن گھن پور کے حامیوں سے مشاورت کے بعد سری ہری نے کانگریس میں شمولیت کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ ورنگل لوک سبھا حلقہ سے ان کی دختر کانگریس کے ٹکٹ پر مقابلہ کریں گی۔ چناؤ سے عین قبل سری ہری کی کانگریس میں شمولیت سے ورنگل ضلع میں بی آر ایس کو بھاری نقصان ہوا ہے۔ ضلع کے ایک اور سینئر لیڈر اے رمیش نے بی جے پی میں شمولیت اختیار کی۔ سری ہری کا ماننا ہے کہ بی آر ایس پر سے عوام کا اعتماد ختم ہوچکا ہے۔ انہوں نے کے سی آر اور کے ٹی آر کے رویہ کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ ورنگل ضلع میں بی آر ایس قائدین میں اختلافات کے سبب سری ہری نے کانگریس میں شمولیت کا فیصلہ کیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ کانگریس حکومت کی جانب سے سابق حکومت کی مختلف بے قاعدگیوں کی جانچ کے سبب بی آر ایس قائدین خود کو غیرمحفوظ تصور کررہے ہیں۔ واضح رہے کہ سینئر قائد ڈاکٹر کے کیشو راؤ کی دختر وجیہ لکشمی نے کل کانگریس میں شمولیت اختیار کرلی۔ وہ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کی میئر ہیں۔1