ورنگل میں پارٹی قائدین کا اجلاس، آئندہ تین دن انتہائی اہمیت کے حامل
حیدرآباد /8 مئی ( سیاست نیوز ) صدرنشین ریاستی وقف بورڈ و اسپیشل کوآرڈینیٹر گریٹر ورنگل کارپوریشن سید عظمت اللہ حسینی نے آج حلقہ اسمبلی ورنگل ویسٹ کے کانگریس قائدین ،کارپوریٹرس ، سابق کارپوریٹرس، ڈیویژنس صدور کانگریس کے محاذی تنظیموں کے صدورا کا ڈی سی سی آفس ہنمکنڈہ میں ہنگامی اجلاس طلب کیا ۔ اس اجلاس میں صدر ضلع کانگریس کمیٹی و رکن اسمبلی این راجندر ریڈی کے علاوہ دوسرے اہم قائدین نے شرکت کی ۔ سید عظمت اللہ حسینی نے حلقہ لوک سبھا ورنگل کی تازہ سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا ۔ کانگریس کی امیدوار کڈیم کاویا کی کامیابی کیلئے خصوصی حکمت عملی تیار کی ۔ انہوں نے پارٹی قائدین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ تین دن انتہائی اہمیت کے حامل ہیں ۔ اگر پارٹی کے قائدین و کارکن آئندہ 72 گھنٹے آرام کئے بغیر کام کریں تو کانگریس کی کامیابی کو کوئی بھی طاقت روک نہیں سکتی ۔ سید عظمت اللہ حسینی نے پارٹی قائدین کو یوتھ سطح پر خصوصی توجہ دیتے ہوئے کام کرنے اور ہر گھر کو دستک دیتے ہوئے کانگریس کو ووٹ دینے کی عوام سے اپیل کرنے کا مشورہ دیا ۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں کانگریس کے زیر قیادت انڈیا اتحاد کی لہر چل رہی ہے۔ تلنگانہ میں کانگریس پارٹی 14 حلقوں پر کامیابی کا نشانہ مختص کرتے ہوئے کام کر رہی ہے ۔ جس میں حلقہ لوک سبھا ورنگل بھی شامل ہے ۔ ورنگل میں کانگریس کا طاقتور موقف ہے ۔ مگر کانگریس کے قائدین اس کو ہلکے میں نہ لیں ۔ بلکہ مزید جوش و خروش سے کام کریں ۔ کانگریس کی امیدوار کڈیم کاویا کو کم از کم ایک لاکھ ووٹوں سے کامیاب بنائے ۔ سید عظمت اللہ حسینی نے کہا کہ وعدے کے مطابق کانگریس پارٹی نے 6 کے منجملہ 5 گیارنٹی پر عمل آوری کردی ہے ۔ حکومت کی کارکردگی کانگریس کی گیارنٹی ہے ۔ کانگریس کے قائدین اتحاد کا مظاہرہ کریں صرف قومی مفادات کو اہمیت دیتے ہوئے کانگریس کو کامیاب بنانے کیلئے کمربستہ ہوجائے ۔ 2