کڑتال دوہرے قتل کا معمہ حل، ملزمین گرفتار

   

شمس آباد /7 جون ( سیاست نیوز ) شمس آباد ڈی سی پی زون میں واقع کڑتال میں دوہرے قتل کا معمہ حل کرلیا گیا ۔ شمس آباد ڈی سی پی نارائن ریڈی نے پریس میٹ میں بتایا کہ جی شیوا 28 سالہ اور ایس شیوا 28 سالہ ساکن کڑتال کی دوستی جے روی 30 سالہ سے ہوئی ۔ یہ تینوں بی جے وائی ایم میں خدمت انجام دے رہے تھے ۔ روی کے رویہ کی وجہ سے تنگ آکر دونوں شیوا کانگریس میں شمولیت اختیار کرلی ۔ جس کے بعد تینوں میں دشمنی پیدا ہوئی تھی ۔ 4 جون کو روی کی سالگرہ تقریب کڑتال میں نئیر فلائی وینچر کے ایک ولا میں شاندار پیمانے پر کی گئی ۔ جس کی تصاویر واٹس اپ گروپ میں تقریباً 300 تصاویر ڈالی گئی ۔ گروپ میں فوٹوز دیکھنے کے بعد شیوا نے تمام فوٹوز ڈیلیٹ کردئے اور گروپ سے باہر آگئے ۔ روی نے شرمندگی محسوس کی اور ساتھ ہی پورے گاؤں میں اس کی بے عزتی ہو رہی تھی کہ فوٹوز ڈیلیٹ کردئے گئے ۔ اپنی بے عزتی کا بدلہ لینے کیلئے دونوں شیوا کی تلاش شروع کی جس پر اسے پتہ چلا کہ وہ حیدرآباد کے قریب گائتری نگر کے قریب ہے روی کے ساتھی ناگراج گوڈ 31 سالہ راجو 29 سالہ ، وجئے 31 سالہ ، پروین 24 سالہ ، ڈی شیکھر 25 سالہ اور جگدیش گوڑ 23 سالہ نے انووا کرسٹا کار نمبر TS07JD1175میں گئے اور دونوں کا اغواء کرکے کڑتال لے گئے ۔ جہاں روی ان کا انتظار کر رہا تھا ۔ ولا میں لیجاکر چاقو سے حملہ کرتے ہوئے دونوں کا قتل کردیا اور ولا کو قفل ڈال کر فرار ہوگئے ۔ مقامی افراد نے نعشوں کو دیکھ کر پولیس کو اطلاع دی ۔ پولیس نے مقدمہ درج کرتے ہوئے خصوصی ٹیم تشکیل دی اور آج صبح انہیں چمپاپیٹ سے گرفتار کرکے ساتوں کے خلاف مقدمہ درج کرکے عدالتی تحویل میں بھیج دیا ۔ پریس میٹ میں شمس آباد ڈی سی پی نارائن ریڈی ، ایڈیشنل ڈی سی پی رام کمار ، شادنگر اے سی پی رنگاسوامی ، شیوا پرساد کڑتال انسپکٹر ، پون کمار سی سی ایس انسپکٹر، ایس نارائنا شادنگر رورل انسپکٹر اور اسٹاف موجود تھا ۔