گرمائی تعطیلات کے بعد جون میں سماعت کا فیصلہ
حیدرآباد۔28۔اپریل (سیاست نیوز) سابق وزیر وائی ایس ویویکانند ریڈی قتل کیس میں الزامات کا سامنا کرنے والے کڑپہ کے رکن پارلیمنٹ اویناش ریڈی کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست کی سماعت سے ہائی کورٹ نے انکار کردیا۔ جسٹس سریندر نے کہا کہ درخواست پر مباحث کی سماعت اور فیصلہ سازی کرنا ممکن نہیں ہے ۔ کل سے ہائیکورٹ کی گرمائی تعطیلات کا آغاز ہورہا ہے ، لہذا اس معاملہ کی سماعت 5 جون تک ملتوی کردی گئی ہے۔ اویناش ریڈی کے وکیل نرنجن ریڈی نے عدالت سے درخواست کی کہ وہ ضمانت قبل از گرفتاری معاملہ کی سنگینی کو محسوس کرتے ہوئے سماعت کرے کیونکہ سی بی آئی کی جانب سے اویناش ریڈی کو گرفتار کئے جانے کا امکان ہے ۔ جسٹس سریندر نے انہیں مشورہ دیا کہ اگر وہ چاہیں تو چیف جسٹس کے پاس اس معاملہ کو پیش کرسکتے ہیں۔ نرنجن ریڈی نے درخواست کی کہ سی بی آئی کو ہدایت دی جائے کہ آئندہ دو ہفتوں تک اویناش ریڈی کے خلاف کوئی سخت کارروائی نہ کی جائے۔ جسٹس سریندر نے کہا کہ سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں اس طرح کی کوئی ہدایت نہیں دی جاسکتی۔ اویناش ریڈی کے وکیل نے چیف جسٹس اجل بھویاں سے درخواست کی کہ گرمائی تعطیلات کے دوران خصوصی عدالت نے سماعت کی ہدایت دی جائے جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ اس سلسلہ میں گرمائی تعطیلات کی خصوصی عدالت سے رجوع ہوسکتے ہیں۔ اسی دوران سی پی آئی کے قومی سکریٹری ڈاکٹر نارائنا نے ویویکانند ریڈی معاملہ کی سماعت کو جون تک ملتوی کرنے کے عدالتی فیصلہ پر ردعمل ظاہر کیا ۔ انہوں نے کہا کہ اس فیصلہ سے عدلیہ پر عوام کا اعتماد مجروح ہوگا۔ر