20لاکھ فرزندان توحید کی آمدمتوقع ‘ انتظامات سے متعلق ایس پی کا اجلاس
کڑپہ ۔22جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)شہرکڑپہ کے مضافات میں واقع کپرتی انڈسٹریل ایریا میں آندھرا اورتلنگانہ کاتین روزہ تبلیغی اجتماع کاکل 23جنوری بروزجمعہ کی صبح سے آغازہورہا ہے ۔ جس کے لیے تمام تیاریاں پوری ہوچکی ہیں۔ حکومت آندھراپردیش نے اس اجتماع کے انعقاد کیلئے تمام ضروری اقدامات کیے ہیں۔ پانی برقی کا معقول انتظام کیاگیاہے ۔ سڑکیں تعمیرکی گئی ہیں۔ پولیس کا وسیع بندوبست کیاگیا ہے ۔ ریاستی وزیراقلیتی بہبود این محمد فاروق نے کئی مرتبہ یہاں کادورہ کرکے سرکاری عہدیداروںکو ضروری ہدایات جاری کیے ہیں۔ ضلع کلکٹر کڑپہ ڈاکٹرسریدھراور ضلع ایس پی مسٹرایس این وشواناتھ نے کئی مرتبہ یہاں کادورہ کیا اوربنیادی سہولتوں کی فراہمی کویقینی بنانے کے اقدامات کی ہدایت دی۔ کل جمعہ سے سہ روزہ دینی تبلیغی اجتماع شروع ہورہا ہے جسے دیکھتے ہوئے ضلع ایس پی کڑپہ مسٹروشواناتھ نے محکمہ پولیس کا اعلیٰ اجلاس منعقدکیا اور سیکیوریٹی انتظامات کاجائزہ لیا اورضروری ہدایات جاری کیے ۔ اس موقع پرانہوںنے کہاکہ اجتماع کے مقام پرڈرون کیمروں سے مسلسل نگاہ رکھی جائے گی۔ اجتماع میں داخلے کے راستوں‘ٹریفک اورگاڑیوںکی پارکنگ کے مقامات کاانہوںنے جائزہ لیا۔ اس اجتماع میں ایک اندازے کے مطابق 20لاکھ فرزندان توحید کی شرکت متوقع ہے ۔جسے دیکھتے ہوئے پولیس کا وسیع بندوبست کیاگیا ہے ۔ ضلع ایس پی نے پولیس جوانوںا ور پولیس کے اعلیٰ عہدیداروں کے اجلاس میںآج ہدایت دی کہ دوسرے مقامات سے آنے والے لوگوںکو کوئی تکلیف نہ ہو۔ بڑی تعداد میں گاڑیوںکی آمد متوقع ہے ۔جسے دیکھتے ہوئے ضروری بورڈس آویزاں کیے گئے ہیں۔ بیاری کیڈس لگائے گئے ہیں۔ ٹریفک میںکسی بھی قسم کے خلل کے بغیرانتظامات کیے جائیں۔ انہوںنے تمام سرکاری محکموں کے باہم اشتراک سے تمام کاموںکو مکمل کرنے پرزوردیا۔ آج کے اس اجلاس میں ایڈیشنل ایس پی کڑپہ پرکاش بابو‘ اے ایس پی وی کرشنا‘ کڑپہ ڈی ایس پی وینکٹیشورلو‘ میدکورڈی ایس پی راجندرپرساد اور دیگراعلیٰ عہدیداروں نے شرکت کی ۔