ملعون نرسنگھانند کے خلاف سخت کاروائی کرنے کا مطالبہ ، پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کروایا گیا
کڑپہ۔/12 اکٹوبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)کڑپہ کے سات روڈ سرکل پر مسلمانوں نے بڑی تعداد میں جمع ہوکر نرسنگھانند سرسوتی ملعون کی جانب سے شان رسالت ؐ میں گستاخی کے خلاف سخت احتجاج کیا جس میں تمام سیاسی جماعتوں کے اقلیتی قائدین جن میں تلگودیشم پارٹی کے امیر بابو ، کانگریس پارٹی کے ریاستی سکریٹری محمد علی خان، صلاح الدین، اشرف علی خان، صدر ضلع ایم آئی ایم محمد علی، افضل علی خان اور دیگر قائدین نے شرکت کی۔ کڑپہ کے تقریباً تمام علماء و مشائخین نے شرکت کی۔ اس موقع پر کانگریس قائد محمد علی خان نے نرسنگھانند کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس کے خلاف مقدمہ درج کرنے اور سخت سزا دینے کا مطالبہ کیا۔ تلگودیشم پارٹی کے امیر بابو نے سماج میں نفرت پیدا کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا اور کہا کہ اتنے دن گذرجانے کے باوجود اس کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ انہوں نے یو پی حکومت کے مسلم دشمن رویہ کی مذمت کرتے ہوئے ملعون کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ کیا ۔ یہ احتجاج سہ پہر 3 بجے سے 5 بجے تک جاری رہا۔ بعد ازاں مسلم قائدین نے ون ٹاون پولیس اسٹیشن پہنچ کر نرسنگھانند کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ کیا اور وہیں بیٹھ گئے۔ انچارج ڈی ایس پی کڑپہ رماکانت ، سرکل انسپکٹر رام کرشنا نے مسلم قائدین سے بات کرکے نرسنگھا نند سرسوتی کے خلاف مقدمہ درج کیا ۔ مقدمہ درج کرنے کے بعد مسلم قائدین ون ٹاون سے روانہ ہوگئے۔