4 طلبہ زخمی، 5 کے منجملہ 3 حملہ آور طلبہ گرفتار، اقدام قتل کا مقدمہ درج
کڑپہ۔ ڈی ایس پی کڑپہ شیوا ریڈی نے یہاں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کل رات سی کے دنیہ منڈل میں واقع کے او آر ایچ انجینئرنگ کالجک میں زیر تعلیم 20 سالہ چنا کرشنا ریڈی اور اس کے تین دوستوں پر اسی انجینئرنگ کالج میں زیر تعلیم شیوا پرشانت اور دیگر 4 دوستوں نے مل کر چاقو اور بیئر کی بوتل سے حملہ کردیا جس سے چاروں طلباء زخمی ہوگئے جنہیں کڑپہ کے Rims ہاسپٹل میں شریک کیا گیا۔ زخمی چنا کرشنا ریڈی نے بتایا کہ کے ایس آر II انجینئرنگ کالج میں تیسرے سال میں زیر تعلیم شیوا پرشانت نے شراب پی کر اپنے دوستوں مدھو سدھن ریڈی، شیخ حبیب، ستیش اور اوبلیس کے ساتھ مل کر شراب کی بوتل اور چاقو سے حملہ کردیا جس پر اسے شدید زخم آئے۔ گزشتہ کئی دنوں سے شیوا پرشانت طلباء کو پریشان کررہا تھا جو غلط عادتوں کا شکار اور شراب کا عادی ہے اکثر کالج میں ہنگامہ کرتا رہتا ہے۔ زخمیوں کی شکایت پر سی کے دنیہ پولیس نے اقدام قتل اور مار پیٹ کا کیس درج کرکے 5 کے منجملہ 3 حملہ آور طلباء کو گرفتار کرلیا۔ ڈی ایس پی کڑپہ شیوا ریڈی نے طلباء کے والدین سے اپنے بچوں کے مستقبل کا لحاظ رکھتے ہوئے صحیح تربیت دینے کی اپیل کی ہے ساتھ ہی انتباہ دیا کہ کسی بھی طرح کی غنڈہ گردی اور تشدد کے واقعات کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ سی کے دنیہ پولیس اسٹیشن کے ایس آئی ارون ریڈی بھی موجود تھے۔