کک کو سر کا خطاب دینے کا انگلینڈ کا اعلان

   

لندن ۔31 ڈسبمر (سیاست ڈاٹ کام )انگلینڈ کی جانب سے سب سے زیادہ رنز اسکور کرنے والے سابق کپتان اورکامیاب بیٹسمین السٹر کک کو ان کی خدمات پر ’نائٹ ہڈ‘ کے اعزاز سے نوازنے اور ‘سر’ کا خطاب دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔ انگلینڈ کے لئے 44.88 کی اوسط اور 33 ٹسٹ سنچریوں کی مدد سے 12472 رنز اسکور کرنے والے عظیم انگلش بیٹسمین کک نے رواں سال کنارہ کشی کا اعلان کیا ۔ وہ دنیا کے ان چند کرکٹرز میں سے ایک ہیں جنہوں نے کیریئر کے پہلے اور آخری ٹسٹ میچ میں سنچری اسکور کی۔ کک نے 2006 میں ناگپور کے مقام پر ہندوستان کے خلاف ٹسٹ میچ سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا اور161 ٹسٹ میچز میں 33 سنچریوں کی مدد سے 12 ہزار سے زائد رنز بنائے، جہاں ان کا سب سے زیادہ اسکور 294 رنز تھا۔ وہ ناصرف ٹسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ لگاتار 158 ٹسٹ کھیلنے کے عالمی ریکارڈ کے مالک ہیں بلکہ اس کے ساتھ انہیں انگلینڈ کی طرف سے زیادہ رنز بنانے، زیادہ سنچریاں، زیادہ 150 سے زیادہ اسکور، زیادہ ٹسٹ میچز کھیلنے، بطور کپتان زیادہ میچز کھیلنے اور زیادہ کیچز تھامنے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔ کک ’’سر‘‘ کا خطاب حاصل کرنے والے دسویں انگلش کرکٹر ہوں گے، ان سے قبل آخری مرتبہ یہ اعزاز انگلینڈ کے سر ایان بوتھم نے حاصل کیا ہے۔ کک کی زیر قیادت انگلینڈ نے 59 ٹسٹ میچوں میں فتوحات حاصل کیں جس میں انگلینڈ میں منعقدہ 2013 اور 2015 کی ایشز سیریز کی فتوحات شامل ہیں، جبکہ انہی کی قیادت میں انگلینڈ نے ہندوستانی سرزمین پر 1۔2 سے ٹسٹ سیریز میں فتح حاصل کی تھی۔ ان کے کیریئر کا سب سے بڑا کارنامہ 11-2010 کی ایشز سیریز میں اپنی ٹیم کو آسٹریلیائی سرزمین پر فتح دلانا تھا جب انہوں نے پانچ ٹسٹ میچوں میں 766 رنز اسکور کیے تھے اور انگلینڈ نے 87-1986 کے بعد پہلی مرتبہ آسٹریلیائی سرزمین پر ایشز سیریز جیتنے کا کارنامہ انجام دیا تھا۔ کک کو ٹسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے عظیم ہندوستانی سچن تنڈولکر کا ریکارڈ توڑنے کا سب سے مضبوط امیدوار تصور کیا جا رہا تھا کیونکہ ایک بیٹسمین کے طور پر وہ باآسانی مزید 3 سے 4 سال کرکٹ کھیل سکتے تھے، لیکن فارم نے ان کا ساتھ نہ دیا۔ انہوں نے خراب فارم کے سبب ہندوستان کے خلاف سیریز کے اختتام پر کرکٹ سے سبکدوشی کا اعلان کردیا لیکن کیریئر کے آخری ٹسٹ میچ کو 71 اور 147رنز کی اننگز کھیل کر یادگار بنا یا –