گوالیار : مدھیہ پردیش کے وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان نے آج کہا کہ لاڈلی بہنوں کے کھاتوں میں لاڈلی بہنا یوجنا کی رقم ملنے کے بعد ان کی زندگی میں تبدیلی آئی ہے ۔ چوہان نے آج گوالیار سے ‘مکھی منتری لاڈلی بہنا یوجنا’ کے تحت ایک کلک کے ذریعے 1.31 کروڑ پیاری بہنوں کو 1269 کروڑ روپے کی رقم منتقل کی۔ اس دوران انہوں نے پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب سے لاڈلی بہنا یوجنا کے پیسے میری پیاری بہنوں کے کھاتوں میں آنے لگے ہیں، ان کی زندگیوں میں تبدیلی آئی ہے ۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ جن بہنوں کے نام پردھان منتری آواس یوجنا میں چھوٹ گئے ہیں انہیں لاڈلی بہنا آواس یوجنا کے تحت مستقل مکانات دیے جائیں گے ۔ آج پیاری بہنوں اور گوالیار کے لوگوں نے پھولوں کی پتیاں نچھاور کر کے تاریخی استقبال کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میری بہنو یہ میرا عزم ہے کہ میں تمہاری زندگی میں کوئی کانٹا نہیں چھوڑوں گا۔ انہوں نے کہا کہ میری بہنوں، اگلے سال سے اگر ہمارے بچوں نے بارہویں جماعت میں 60 فیصد سے زیادہ نمبر حاصل کیے تو ماما ان کے اکاؤنٹس میں 25 ہزار روپے جمع کرائیں گے ۔ چوہان نے کہا کہ گاؤں اور شہر کے اسکولوں میں پہلا، دوسرا اور تیسرا نمبر حاصل کرنے والے بچوں کو ماما اسکوٹی فراہم کریں گے ۔