حیدرآباد۔ شوہر کے لئے کھانا تیار نہ کرنا ایک خاتون کی ہلاکت کا سبب بن گیا۔ بیوی کی لاپرواہی سے غم و غصہ کا شکار شوہر نے اس کا قتل کردیا۔ یہ واقعہ میر پیٹ پولیس حدود میں پیش آیا جہاں 40 سالہ خاتون جیہ اماں کی شوہر سرینو کے ہاتھوں ہلاکت ہوگئی۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ جیہ اماں پیشہ سے جاروب کش تھی اور اس کا شوہر لاری ڈرائیور دونوں کی شادی 20 سال قبل ہوئی تھی اور ان کی کوئی اولاد نہیں تھی۔ اولاد نہ ہونے کے سبب سرینو نے اپنے بھائی کے لڑکے ونئے کو گود لیا تھا اب اس کی عمر 16 سال ہے۔ دونوں ماں بیٹا کل رشتہ دار کی شادی کی تقریب میں گئے تھے جو رات واپس ہوئے، ونئے نے جیہ اماں کو مکان میں چھوڑ کر باراتیوں کے ساتھ مصروف ہوگیا۔ اس دوران جیہ اماں کا شوہر سرینو مکان پہنچا اور اس نے کھانا دینے کی خواہش کی لیکن جیہ اماں نے کھانا تیار نہیں کیا تھا اس بات سے برہم سرینو نے جیہ اماں کا قتل کردیا اور فرارہوگیا۔ پولیس میر پیٹ نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے۔