کھانا کو برباد کرنا،جان بوجھ کر ضائع کرنا گناہ عظیم : حافظ محمد صابر پاشاہ قادری کا خطاب

   

حیدرآباد ۔ 5 جنوری (پریس نوٹ) ۔ صدر تلنگانہ تنظیم فروغ لسانیات حافظ محمد صابر پاشاہ قادری نے آن لائن بعنوان: کھانا کو برباد کرنا،جان بوجھ کر ضائع کرنا گناہ عظیم ہے پر خطاب کرتے ہوئے بتلایاکہ آجکل شادیوں میں اور دوسری تقریبات میں بہت زیادہ فضول خرچی اور دکھاوا ہوگیا ہے۔ کئی طرح کے کھانے بنوائے جاتے ہیں۔ درجنوں آئٹم رہتے ہیں۔ پانچ چھ آئٹم تو عام بات ہے۔ اور کھڑے ہوکر بوفے سسٹم سے کھانے کا رواج عام ہوگیا ہے۔ لوگ تھوڑا تھوڑا لے کر کھاتے ہیں اور بچا ہوا کھانا پھینک دیتے ہیں۔ انتہائی افسوس اورشرم کی بات ہے کہ کھانے کی بربادی اس قدر ہوتی ہے کہ الامان والحفیظ۔ جبکہ فضول خرچی اور کھانے کی بربادی اور حد سے بڑھنے والوں کے لئے قرآن و احادیث میں سخت مذمت آئی ہے۔ اللہ کی دی ہوئی دولت اور روزی پر اتراؤنہیں بلکہ رزاق کا شکریہ ادا کرو۔ دوسروں پر مال کی وجہ سے برتری نہ جتاؤ۔ ضرورت مندوں، غریبوں کو بھوکا چھوڑ کر اپنا ہی پیٹ بھرنا، امیروں کو بلانا،کئی طرح کے پکوان بنانا،رزق کوجان بوجھ کر ضائع کرنا غضب الہٰی کو دعوت دینے کے مترادف ہوگا،اللہ کا غضب اترے گا اور جس پر اللہ کا غضب اترا وہ ہلاکت کے گڑھے میں جا گرا۔ جو لوگ یہ سوچتے ہیں کہ دولت ہم نے کمائی ہے جیسے چاہیں خرچ کریں،جائز و نا جائز کوئی پوچھنے والا نہیں۔ یہ سوچ سراسر غلط ہے۔