کھانے میں مرا ہوا چوہا پایا گیا، پر ریسٹورنٹ مہربند

   

ممبئی : ممبئی میں کھانے میں سے چوہے کا مردہ بچہ نکلنے پر ریسٹورنٹ کو مہربند کر دیا گیا۔ ویب سائٹ ’این ڈی ٹی وی‘ کے مطابق اتوار کی رات ممبئی کے رہائشی انوراگ سنگھ اور اس کے دوست امین نے پنجابی کھانے سے لطف اندوز ہونے کے لیے باندرہ کے ریسٹورنٹ کا رخ کیا جہاں اْن کا رات کا کھانا ایک ڈراؤنے خواب میں بدل گیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق جب انوراگ سنگھ کو پتہ چلا کہ چکن کری میں موجود گوشت دراصل ایک مردہ چوہے کا ہے تو اْس نے ہنگامہ کھڑا کر دیا۔ انوراگ سنگھ نے ثبوت کے طور پر اپنی تھالی کی تصویریں اور ویڈیو بنا لی۔ میڈیا کے مطابق مہاراشٹر فوڈ اینڈ ڈرگس ایڈمنسٹریشن (ایف ڈی اے) کو شکایت ملنے پر ممبئی کے مذکورہ ریسٹورنٹ کو مہربند کر دیا گیا ہے۔ ایف ڈی اے کے مطابق کھانے کے معائنے کے دوران ریسٹورنٹ میں کئی بے ضابطگیاں پائی گئی ہیں جس پر ریسٹورنٹ کو تمام ضروری ہدایات کی تعمیل ہونے تک اپنا کاروبار بند رکھنے کا حکم دیا گیا ہے۔