کھرگے اور امیت شاہ تلنگانہ میں سیاسی سیاح : ہریش راؤ

   

تلنگانہ کے عوام نے سیلف ڈیکلریشن کے ذریعہ بی آر ایس کو تیسری مرتبہ اقتدار دینے کا فیصلہ کرلیا
حیدرآباد۔/31 اگسٹ، ( سیاست نیوز) وزیر فینانس ہریش راؤ نے کانگریس صدر ملکارجن کھرگے اور مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کو سیاسی سیاح قرار دیا اور کہا کہ ان کے جاری کردہ ڈیکلریشن سے قبل تلنگانہ عوام نے سیلف ڈیکلریشن سے ریاست میں تیسری بار بی آر ایس کو اقتدار سونپنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ ہریش راؤ نے کہا کہ کانگریس اور بی جے پی کے فرضی وعدوں پر عوام بھروسہ نہیں کریں گے۔ تلنگانہ بھون میں آج ایم آر پی ایس کے ریاستی قائد بھاسکر نے بی آر ایس پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔ ہریش راؤ نے کہا کہ کانگریس کے صدر ملکارجن کھرگے نے ایس سی، ایس ٹی طبقات کیلئے جو ڈیکلریشن جاری کیا ہے وہ خود ان کی آبائی ریاست کرناٹک میں عمل نہیں کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرناٹک کے عوام بی جے پی سے عاجز آچکے تھے جس کی وجہ سے کانگریس کو کامیاب بنایا ہے۔ مرکزی وزیر امیت شاہ کو تلنگانہ کے بارے میں کوئی معلومات نہیں جو اسکرپٹ لکھ کر دی جاتی ہے وہ تقریر میں وہی پڑھ کر چلے جاتے ہیں۔ ہریش راؤ نے امیت شاہ کو پہلے گجرات کی حکمرانی کو درست کرلینے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ دلتوں کی فلاح و بہبود کیلئے کے سی آر حکومت نے جو اقدامات کئے ہیں اس کی ملک بھر میں کوئی نظیر نہیں ملتی۔ امبیڈکر اوورسیز اسکالر شپس کے تحت دلت طلبہ کو 20 لاکھ روپئے اسکالر شپ دی جارہی ہے، 125 فیٹ بلند قامت مجسمہ امبیڈکر تنصیب کیا گیا۔ سکریٹریٹ کو امبیڈکر کے نام سے موسوم کیا گیا۔ دلتوں کی فلاح و بہبود کے معاملے میں بات کرنے کا کانگریس اور بی جے پی کو اخلاقی حق نہیں ہے۔ جن ریاستوں میں کانگریس اور بی جے پی کی حکمرانی ہے وہاں فرقہ وارانہ واقعات پیش آتے ہیں، برقی اور پانی کے مسائل ہیں ۔ تلنگانہ میں عوام کو تمام بنیادی سہولتیں میسر ہیں، کے سی آر کا تیسری مرتبہ چیف منسٹر بننا یقینی ہے۔ن