نئی دہلی 26جولائی (یو این آئی) کانگریس کے صدر ملکارجن کھڑگے اور یو پی اے کی سابق چیئرپرسن سونیا گاندھی نے 1999 کی کارگل جنگ کے دوران اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے بہادر جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور ان کی قربانی کو ‘‘ہندوستان کی تاریخ میں بہادری کا سنہرا باب’’ قرار دیا جو آنے والی نسلوں کو متاثر کرتا رہے گا۔راجیہ سبھا میں اپوزیشن لیڈر مسٹر کھڑگے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر لکھاکہ کارگل وجے دیوس کے موقع پر، ہم اپنی مسلح افواج کے بہادر جوانوں، سابق فوجیوں، ان کے کنبوں اور تمام ساتھی ہندوستانیوں کو دل کی گہرائیوں سے سلام پیش کرتے ہیں۔ ہم اپنے شہیدوں کی عظیم قربانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں اور سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے کرگل کی جنگ میں بہادری کے ساتھ اپنی جان قربان کردی۔ ان کے حوصلے اور بہادری آئندہ نسلوں کو ترغیب دیتے رہیں گے۔کانگریس لیڈر مسز گاندھی نے کہاکہ اس کارگل وجے دیوس پر، ہم اپنے بہادر جوانوں کی بے مثال ہمت اور عظیم قربانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے ہندوستان کی تاریخ میں بہادری کا ایک سنہرا باب رقم کیا۔ ان کی میراث لازوال ہے اور وہ آئندہ نسلوں کو فخر اور عزت کے ساتھ خدمت کرنے کی ترغیب دیتی رہے گی۔