کھرگے اور پرینکا کی بہار کے ہر ووٹر سے ووٹ دینے کی اپیل

   

نئی دہلی، 6 نومبر (یو این آئی) کانگریس صدر ملکارجن کھرگے اور پارٹی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے بہار کے ووٹروں سے اپیل کی ہے کہ وہ بڑی تعداد میں اپنے آئینی حق کا استعمال کریں اور ریاست میں تبدیلی کو ایک نئی سمت دیں۔ کھرگے نے کہا کہ ہمیں ایک ایسا بہار بنانا ہے جہاں ریاست کے نوجوانوں کا مستقبل محفوظ ہو اور انہیں بے روزگاری اور نقل مکانی کی تکلیف نہ سہنی پڑے ۔ انہوں نے بہار کے ووٹروں سے اپیل کی کہ وہ بڑی تعداد میں اپنے آئینی حق کا استعمال کریں اور ریاست کو 20 سال بعد تبدیلی کی ایک نئی سمت دیں۔ ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں، کانگریس صدر نے خاص طور پر نوجوان ووٹروں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ میں نوجوانوں سے مخلصانہ اپیل کرتا ہوں، خاص طور پر جو پہلی بار ووٹ ڈال رہے ہیں، اس موقع کو ضائع نہ کریں اور تبدیلی کے لیے اپنے ووٹ کا حق استعمال کریں۔ ووٹ دیں اور اپنے دوستوں اور خاندان والوں کی بھی حوصلہ افزائی کریں۔ محترمہ واڈرا نے بھی بڑی تعداد میں ووٹ ڈالنے کی اپیل کی اور سوشل میڈیا پر لکھا کہ بہار کے میرے پیارے بھائیو، بہنو، ماؤں اور نوجوانوں آج اپنے مستقبل کا فیصلہ اپنے ہاتھوں سے کرنے کا دن ہے، بڑی تعداد میں باہر آئیں اور جمہوریت کے عظیم تہوار میں حصہ لیں۔