نئی دہلی: بی جے پی نے وزیر اعظم نریندر مودی کو راون کہنے پر کانگریس کے صدر ملک ارجن کھرگے پر سخت جوابی حملہ کیا اور کہا کہ کھرگے سونیا گاندھی اور راہول گاندھی کی زبان بول رہے ہیں اور انہیں گجرات کے عوام سے اس کا جواب ملے گا۔یہاں پارٹی کے مرکزی دفتر میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بی جے پی کے ترجمان سمبت پاترا نے کہا کہ کانگریس کے صدر ملک ارجن کھرگے نے وزیر اعظم نریندر مودی کے لئے جس طرح کی زبان استعمال کی ہے وہ قابل مذمت ہے ۔ کانگریس صدر نے وزیر اعظم مودی کو ‘راون’ کہا ہے ۔ ملک کے وزیر اعظم کے لئے اس قسم کی گالی گلوج مناسب نہیں۔ڈاکٹر پاترا نے کہا کہ مودی گجرات کے بیٹے ہیں۔ وہ پوری دنیا میں گجرات کا فخر ہیں۔ گجرات کے بیٹے کے لیے ایسی زبان استعمال کرنا مناسب نہیں ہے۔ یہ قابل مذمت ہے اور کانگریس کی ذہنیت کو ظاہر کرتا ہے ۔ مودی نے ملک کے مفاد میں بہت سے کام کئے ہیں۔ وہ ہندوستان کو ترقی کی راہ پر لے جارہے ہیں۔ گجرات کی مٹی کو سلام، جس نے ایسا بیٹا دیا، جو ہندوستان کے غریبوں کو آگے لے جانے کے لیے کام کر رہا ہے ۔ انہیں راون کہنا صرف مودی کی توہین نہیں ہے ، یہ ہر گجراتی اور پورے گجرات کی توہین ہے ۔انہوں نے کہا کہ کانگریس کے لیڈر اپنی لسانی مریادا کو بھول چکے ہیں۔ یہ لوگ مودی کے کاموں سے حیران اور پریشان ہو کر انہیں گھٹیا القابات سے نواز رہے ہیں۔ جب سونیا گاندھی نے مودی کو موت کا سوداگر کہا تو ان کے دیگر لیڈروں نے وزیر اعظم مودی کو ظالم، بندر، راکشس تک کہا۔ترجمان نے کہا کہ یہ ثابت ہو گیا ہے کہ کانگریس کے نئے صدر نے وزیر اعظم مودی کے تعلق سے جو بیان دیا ہے وہ سونیا گاندھی اور راہول گاندھی کا بیان ہے ۔ سب سے پہلے سونیا گاندھی نے مودی کو موت کا سوداگر کہا تھا جس کا نتیجہ سب نے دیکھا۔ اب کانگریس کو کھرگے کے بیان کا اثر دیکھنے کو ملے گا۔ اس کا جواب گجرات کے عوام ضرور دیں گے ۔ڈاکٹر پاترا نے کہا کہ پی ایم مودی کی قیادت میں ملک کی اقتصادی حالت بہتر ہوئی ہے ۔ اس کے نتیجے میں آج ہندوستان دنیا کی مضبوط ترین معیشتوں کی فہرست میں 11ویں مقام سے 5ویں مقام پر پہنچ گیا ہے ۔ مودی نے پاکستان میں سرجیکل اسٹرائیک کر کے نہ صرف پاکستان کو بلکہ دہشت گردی کو اس کی اوقات بھی دکھائی ہے ۔