کھرگے کا خان عبدالغفار خان کو خراجِ عقیدت

   

نئی دہلی، 20 جنوری (یواین آئی) کانگریس کے صدر ملکارجن کھرگے نے پیر کو خان عبدالغفار خان، جو عام طور پر ’’سرحدی گاندھی‘‘ کے نام سے جانے جاتے ہیں، کو ان کی برسی پر خراجِ عقیدت پیش کیا۔ ایکس پر ایک پوسٹ میں کانگریس صدر نے باچا خان کو ’’امن کا چراغ‘‘ قرار دیا اور کہا کہ ان کی زندگی اور کام آج بھی ہندوستان اور جنوبی ایشیا کے لاکھوں لوگوں کو متاثر کرتے ہیں۔ خان عبدالغفار خان، جو ہندوستان کی آزادی کی جدوجہد کی ایک عظیم شخصیت تھے ، کو امن اور عدم تشدد کے تاحیات علمبردار کے طور پر یاد کیا جاتاہے ۔ کھرگے نے ہندوستان کی آزادی میں ان کی عظیم خدمات اور انسانی وقار و ہم آہنگی کے لیے ان کے غیر متزلزل عزم کو یاد کیا۔ کانگریس صدر نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ غفار خان، جو بھارت رتن کے ایوارڈ یافتہ تھے ، آزادی کی جدوجہد کے دوران اپنے اصولوں کی وجہ سے بار بار قید و بند کی صعوبتیں برداشت کرتے رہے ۔
انہوں نے یہ بھی اجاگر کیا کہ پشتون رہنما کا انڈین نیشنل کانگریس کے ساتھ طویل تعلق رہا، وہ کئی برسوں تک کانگریس ورکنگ کمیٹی کے رکن رہے اور دستور ساز اسمبلی کے لیے منتخب ہوئے۔
کھرگے نے اپنے خراجِ عقیدت پیغام میں کہالپ “ان کی عدم تشدد، ہم آہنگی اور انسانی وقار کے لیے ثابت قدمی اور لگن آج بھی لاکھوں لوگوں کو متاثر کرتی ہے اور ہمیں ان مشترکہ اقدار کی یاد دلاتی ہے جو ہم سب کو جوڑتی ہیں۔”
خان عبدالغفار خان، جو مہاتما گاندھی کے قریبی ساتھی تھے ، کو شمال مغربی سرحدی صوبے میں عدم تشدد پر مبنی مزاحمت کو منظم کرنے اور اپنی پوری زندگی فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور پُرامن سیاسی جدوجہد کی وکالت کرنے کے لیے یاد کیا جاتا ہے ۔