نئی دہلی، 25 نومبر (یواین آئی) کانگریس صدر اور راجیہ سبھا میں قائد حزب اختلاف ملکارجن کھرگے نے بدھ کے روز ملک میں غذائی قلت برقرار رہنے کے معاملے پر نریندر مودی حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے خواتین اور بچوں میں بڑے پیمانے پر خون کی کمی اورمائیکرونیوٹری اینٹس کی کمی سے متعلق سرکاری اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے تغذیہ سے متعلق پروگراموں کے لیے مختص ہزاروں کروڑ روپے کے استعمال پر سوال اٹھائے ۔حکومت کی جانب سے ہندوستان کے آبادیاتی فوائد سے استفادہ کرنے کی صلاحیت پر سوال اٹھاتے ہوئے کھرگے نے کہا کہ پالیسی اعلانات اور فلاحی اقدامات کے باوجود لاکھوں خواتین اور بچے بدستور غذائی قلت کا شکار ہیں۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ پر ایک پوسٹ میں انہوں نے غذائی بحران کی سنگینی کو اجاگر کرنے کے لیے حکومت کی اپنی آئی سی ایم آر۔ سمپدا رپورٹ کے نتائج کا حوالہ دیا۔کھرگے کے حوالے سے پیش کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق، تولیدی عمر کی 55.9 فیصد خواتین خون کی کمی کا شکار تھیں، جبکہ تقریباً دو تہائی نوعمر لڑکیوں اور لڑکوں میں وٹامن بی 12 کی کمی پائی گئی۔ رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ ایک سے چار سال کی عمر کے 42 فیصد بچے خون کی کمی کا شکار تھے ۔کھرگے نے نشاندہی کی کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی آبائی ریاست گجرات میں صورت حال خاص طور پر تشویش ناک ہے ، جہاں مبینہ طور پر تولیدی عمر کی 66 فیصد خواتین اور کم عمر بچوں میں سے 57 فیصد خون کی کمی کا شکار ہیں۔
خون کی کمی کے معاملات کے ایک بڑے حصے کو معمولی قرار دے کر مسئلے کی سنگینی کم دکھانے کی کسی بھی کوشش کو مسترد کرتے ہوئے کانگریس صدر نے کہا کہ تولیدی عمر کی تقریباً 30 فیصد خواتین درمیانی یا شدید درجے کی خون کی کمی کا شکار ہیں۔ انہوں نے تازہ ترین قومی خاندانی صحت سروے (این ایف ایچ ایس۔ 6) سے منسوب نتائج کا بھی حوالہ دیا، جن کے مطابق ہندوستان کے تقریباً ایک تہائی بچے کم وزن کے ہیں اور ہر پانچ میں سے ایک بچہ شدید غذائی قلت کا شکار ہے ۔