نئی دہلی: پارلیمنٹ ہاؤس کمپلیکس میں صحافیوں کی سرگرمیوں کو محدود کرنے پر سخت اعتراض ظاہر کرتے ہوئے راجیہ سبھا میں اپوزیشن لیڈر ملک ارجن کھرگے نے اس معاملے میں چیئرمین ایم وینکیا نائیڈو سے مداخلت کی درخواست کی ہے ۔مسٹر نائیڈو کو چہارشنبہ کو لکھے ایک مکتوب میں مسٹر کھرگے نے کہا کہ پارلیمنٹ کا یہ لگاتار پانچواں اجلاس ہے جب صرف چند صحافیوں اور میڈیا اداروں کو پارلیمنٹ ہاؤس کے احاطے میں داخل ہونے کی اجازت دی جا رہی ہے اور محدود تعداد میں صحافیوں کو داخلے کی اجازت ہے ۔ ایوان کی کارروائی کی رپورٹ جاری کر دی گئی ہے ۔ اس کے ساتھ مرکزی ہال میں سینئر صحافیوں کا داخلہ مکمل طور پر روک دیا گیا ہے ۔ صحافیوں کو اراکین پارلیمنٹ سے بات چیت کرنے سے روکا جا رہا ہے ۔ جمہوریت کے اس مندر میں صحافیوں کو من مانی پابندیوں کا سامنا ہے ۔