نئی دہلی ۔ 3 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام )ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویراٹ کوکوہلی نے کہا ہے کہ میں نے اپنی ٹیم کے کھلاڑیوں کے درمیان کبھی سنجیدہ نوعیت کی لڑائی، اختلاف یا جلن نہیں دیکھی، جو ان کی سب سے بڑی طاقت ہے۔ ٹیم کے کپتان ویراٹ کوہلی نے کہا ہے کہ کرکٹر ایشانت شرما سب سے سینیئر ہونے کے باوجو د زیادہ مذاق کا نشانہ بنتے ہیں۔ ایک انٹرویو میں ویراٹ نے انکشاف کیا کہ جسپریت بمراہ بہت شرمیلے ہیں، ان کی شخصیت میں ٹھہراو ہے لیکن وہ حیران کن طور پر مزاحیہ ہیں اور وہ صرف ٹھیک موقع پر جملہ کستے ہیں۔ ان کی ٹائمنگ بہترین ہے۔ بھونیشور کمار کے حوالے سے کوہلی نے کہا کہ وہ پکے یو پی (اترپردیش) کے لگتے ہیں، ہر وقت مذاق کرنے والے کھلاڑی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ساتھی کھلاڑی محمد سمیع اورامیش بھی بھونیشورکمار کے ساتھ مل جاتے ہیں۔ کوہلی نے اپنے انٹرویو میں ٹیم کے کھلاڑیوں سے متعلق کئی دلچسپ باتیں بتائیں۔ ویراٹ کے بموجب کوئی اچھی مزاحیہ فلم دیکھیں اور پھر آپ ان کھلاڑیوں کی تفریح دیکھیں تو یقیناً فلم سے زیادہ ان کی حرکتوں سے محظوظ ہوں گے۔کوہلی نے اپنی گفتگو کے دوران کہا کہ اس وقت ٹیم کے فاسٹ بولروں کے درمیان صحت مند مقابلہ ہے لیکن وہ سب ایک دوسرے پر اعتماد کرتے ہیں۔