ممبئی ۔ دہلی کیاپٹلس کے اسسٹنٹ کوچ محمد کیف نے کہا ہے کہ ٹیم کے نئے کپتان ریشپھ پنت کے بشمول کئی کھلاڑی بہترین ردھم اور فام میں ہیں اور وہ گزشتہ سال کی بہ نسبت ایک قدم آگے بڑھتے ہوئے اس مرتبہ اپنا پہلا خطاب حاصل کرنے کے لئے پرعزم ہیں جیسا کہ گزشتہ برس فائنل میں ممبئی انڈینس نے اسے شکست دیتے ہوئے اس کے پہلے خطاب حاصل کرنے کے خواب کو چکناچور کردیا تھا۔ کرکٹ کلب آف انڈیا میں میڈیا نمائندوں سے اظہار خیال کرتے ہوئے کیف نے کہا کہ اس سال ہم ایک قدم اور آگے بڑھنا چاہتے ہیں اور ٹیم کے تمام کھلاڑیوں کا یہ واحد مقصد ہے کہ وہ خطاب حاصل کریں۔ کرکٹ کلب آف انڈیا میں دہلی کیاپٹلس نے اپنا پہلا پریکٹس سیشن مکمل کیا ہے۔ محمد کیف نے کہا کہ ہم گزشتہ برس ہی اپنا پہلا خطاب حاصل کرنے کے بہت قریب پہنچ چکے تھے اور اس مرتبہ ہم خطاب حاصل کرنے کیلئے پرعزم ہیں کیونکہ کپتان ریشپھ پنت کے علاوہ ٹیم کے کئی کھلاڑی بہت کرکٹ کھیل چکے ہیں۔ کورونا بحران کے باوجود ٹیم کے کئی کھلاڑیوں کو مسابقتی کرکٹ کا موقع ملا اور وہ ایک اچھے ردھم کے ساتھ آئی پی ایل میں شرکت کررہے ہیں۔ دہلی کو اس وقت روی چندرن اشون، شکھر دھون، اجنکیا راہانے، پارتھیوی شا، ایشانت شرما کے علاوہ بیرونی ممالک کے کھلاڑیوں میں اسٹیو اسمتھ، کیگیسو رباڈا اور انریچ نورٹے کی خدمات دستیاب ہیں۔ اسمتھ آسٹریلیا کے معروف کھلاڑی ہیں جبکہ رباڈا اور انریچ جنوبی افریقہ کے صف اول کے فاسٹ بولرس ہیں۔