کھلاڑیوں کو اولمپکس کیلئے تیار کرنے کی کوشش

   

محبوب نگر میں اسپورٹس کٹس کی تقسیم ، ریاستی وزیر سرینواس گوڑ کا خطاب
محبوب نگر ۔3 اکٹوبر ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) تلنگانہ ریاست میں زیادہ سے زیادہ کھلاڑیوں کو اولمپکس کیلئے تیار کرنا ہمارا مقصد ہے ۔ یہ وضاحت ریاستی وزیر آبکاری و اسپورٹس وی سرینواس گوڑ نے کی ۔ وہ آج ہنواڑہ مستقر منڈل کے ضلع پریشد ہائی اسکول میں چیف سکریری شانتا کماری کے ہمراہ کے سی آر اسپورٹس کِٹ کی ریاستی سطح پر تقسیم پروگرام کا افتتاح کررہے تھے ۔ انھوں نے کہاکہ کھیلوں کے میدان میں قومی و بین الاقوامی سطح پر مقابلوں کیلئے کھلاڑیوں کو تیار کرنا ریاستی حکومت کا مقصد ہے ۔ اس ضمن میں 3 سال قبل سے ہی ریاست بھر میں اسپورٹس اسٹیڈیم کی تعمیر کا آغاز کردیا گیا ۔ پہلے مرحلہ کے تحت 18 ہزار گرام پنچایتوں میں اسٹیڈیمس کی تعمیر کی گئی ۔ مزید 25 ہزار گرام پنچایتوں میں اسٹیڈیمس کی تعمیر کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ ان تمام اسٹیڈیمس میں اسپورٹس کا سامان ریاستی حکومت فراہم کررہی ہے اور ہماری ریاست کو ہی یہ اعزاز حاصل ہے ۔ چیف منسٹر کے سی آر کی قیادت میں زبردست ترقی سے ضلع کا نقشہ بدل گیا ۔ پالمور رنگاریڈی لفٹ اریگیشن پروجکٹ اسکیم کے تحت 5 ریزروائرس کا کام مکمل کیا گیا ۔ آر کیالوجی محکمہ کے ذریعہ 50 ہزار نوجوانوں کو ملازمت کے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ ریاستی اسپورٹس اتھاریٹی چیرمین انجنیلو گوڑ نے کہا کہ تلنگانہ حکومت نوجوانوں میں حوصلہ افزائی اور ترغیب کیلئے اسپورٹس کٹ تقسیم کررہی ہے ۔ چیف سکریٹری شانتا کماری نے کہا کہ کے سی آر کٹ 50 ہزار روپئے مالیت کے قیمتی سامان پر مشتمل ہے ساتھ میں ٹی شرٹس بھی تقسیم کئے جارہے ہیں ۔ ضلع کلکٹر روی نائیک نے کہاکہ ضلع کو تاحال (369) کے سی آر اسپورٹس کٹ وصول ہوئے ہیں جس کی تقسیم کے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ بعد ازاں وزیر نے والی بال اور کبڈی میاچس کا افتتاح کیا ۔ اس موقع پر اسٹیٹ اسپورٹس یوتھ سرویسیس کے پرنسپل سکریٹری شیلیجا راما ایئر ، ریاستی اسپورٹس اتھاریٹی کے ڈائرکٹر لکشمی ، ایڈیشنل کلکٹر موہن راؤ کے علاوہ عہدیدار ، عوامی نمائندے موجود تھے ۔