فلائی اوورس، پارکس اور پاش علاقوں میں بے حیائی کا عروج، مہذب سماج شرمندہ
حیدرآباد۔15۔اکٹوبر(سیاست نیوز) شہر کی سڑکوں پر آوارہ گردی اور برسرعام بوس و کنار کے علاوہ من مانی انداز میں گاڑیاں دوڑانا معمول کی بات بنتی جا رہی ہے اور پی وی این آرایکسپریس وے‘ کے بی آر پارک‘ بنجارہ ہلز روڈ نمبر 2کے علاوہ جوبلی ہلز اور مادھاپور کی سڑکوں پر تیز رفتار گاڑی چلاتے ہوئے بوس و کنار کرنے والے جوڑوں کی بہتات دیکھی جانے لگی ہے اور انہیں روکنے والا کوئی نہیں ہے۔ شہر کے ان علاقوں میں تیزی سے فروغ پارہی اس بے حیائی پر قابو پانے کے اقدامات کئے جانے ضروری ہیں کیونکہ اس طرح کی حرکات مہذب معاشرہ کے لئے انتہائی غیر شائستہ تصور کی جاتی ہیں اور برسرعام بوس و کنار کے علاوہ حالت نشہ میں گاڑیوں کو دوڑانا شہریوں کے لئے بے انتہاء تکلیف دہ ہے ۔ سٹی پولیس ایکٹ کے مطابق برسرعام بے حیائی کو فروغ دینے کے خلاف فوجداری کاروائی کی گنجائش موجود ہے لیکن اس کے باوجود ان علاقو ں میں رات کے اوقات میں جو بے حیائی کے مناظر دیکھے جارہے ہیں ایسے میں مہذب سماج اور معاشرہ سے تعلق رکھنے والے خاندانوں کو ان سڑکوں پر گذرنا محال ہونے لگا ہے ۔ محکمہ پولیس کے عہدیداروں کی جانب سے ہفتہ میں دو مرتبہ رات کے اوقات میں ڈرنک اینڈ ڈرائیو کے نام پر ٹریفک جام کرتے ہوئے راہگیروں کو ہراساں کیا جاتا ہے اور ان کی جانچ کی جاتی ہے لیکن رات کے آخری پہر میں پارٹی کرنے کے بعد واپس ہونے والے نشہ میں دھت ان نوجوانوں کی جانچ کے لئے پولیس کے پاس کوئی میکانزم نہ ہونے کے سبب آوارگی میں مبتلاء یہ نوجوان شہر کے نواحی علاقوں کی سڑکوں بالخصوص شمس آباد‘ کاٹے دھن‘ پی وی این آر ایکسپریس وے ‘ بنجارہ ہلز و جوبلی ہلز کے علاوہ دیگر سڑکوں پر بے حیائی کا برسر عام مظاہرہ کررہے ہیں ۔ اتوار کی صبح کی اولین ساعتوں میں پی وی این آر ایکسپریس وے سے اترنے والی 3تا4 موٹر کاروں میں بگڑی ہوئی نوجوان نسل جو کسی پارٹی سے واپس ہورہی تھی ہر گاڑی میں بے ہودگی عروج پرتھی اور دو گاڑیوں کی چھتوں پر نوجوان جوڑے برسرعام بوس و کنار کررہے تھے لیکن انہیں کوئی نہ روکنے والا نہیں تھا۔ تحقیق پر پتہ چلا ہے کہ شہر حیدرآباد کے کئی علاقوں بالخصوص مذکورہ علاقوں کے علاوہ ہائی ٹیک سٹی کے قریب بعض مقامات پر بھی اس طرح کی حرکات روز کا معمول بنتی جا رہی ہیں اور ڈی ایل ایف فوڈ اسٹریٹ کے قریب بھی اسی طرح کے حالات پائے جانے لگے ہیں ۔