کھلے مقامات پر کچرا ڈالنے کی نگرانی کیلئے سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب

   

اُپل سرکل میں تجرباتی آغاز، عوامی مقامات پر کچرے سے وبائی امراض کا خطرہ
حیدرآباد 10 اکٹوبر (سیاست نیوز) گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن نے شہر میں کچرے کی بروقت نکاسی کو یقینی بنانے اور عوام کی جانب سے کچرا پھینکنے کے مقامات کی نگرانی کے لئے سی سی ٹی وی کیمروں کے استعمال کا فیصلہ کیا ہے۔ کھلے مقامات پر کچرا ڈالنے کے رجحان کو ختم کرنے کے لئے ریسیڈنشیل ویلفیر اسوسی ایشن کے اشتراک سے سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے جائیں گے۔ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن نے شہر کو کچرے اور گندگی سے پاک شہر بنانے کے مقصد سے کئی منفرد قدم اُٹھائے ہیں۔ عوام میں شعور بیداری کے باوجود شہر کے بیشتر مقامات پر کھلے عام کچرا پھینکنے کا سلسلہ جاری ہے۔ ڈپٹی کمشنر جی ایچ ایم سی انجنیلو نے اُپل سرکل میں تجرباتی طور پر سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کا آغاز کیا ہے جس کے تحت کچرا ڈالنے والے افراد کی نشاندہی کرتے ہوئے اُنھیں چالان کیا جائے گا۔ حکام کا کہنا ہے کہ سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب سے نہ صرف عوام میں خوف پیدا ہوگا بلکہ عوامی مقامات پر کچرا ڈالنے کے رجحان کو روکنے میں مدد ملے گی۔ حکام کا کہنا ہے کہ سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کے نتیجہ میں شہر کو کچرے سے پاک بنانے کی مہم کو کامیاب کیا جاسکتا ہے۔ واضح رہے کہ جی ایچ ایم سی نے شہر بشمول پرانے شہر کے علاقوں میں روایتی کچرا کنڈیوں کے سسٹم کو ختم کردیا۔ ڈسٹ بین ہٹادیئے جانے کے باوجود عوام کی جانب سے کھلے مقامات پر کچرا ڈالنے کا سلسلہ جاری ہے۔ جی ایچ ایم سی نے علاقہ سے تعلق رکھنے والے ذی اثر اصحاب سے خواہش کی ہے کہ وہ علاقہ کے مکینوں میں شعور بیدار کریں اور کچرا حاصل کرنے والے افراد کو گھر پر کچرا حوالے کریں تاکہ آبادی کو پاک و صاف رکھا جائے۔ کچرے کی عدم نکاسی اور عوامی مقامات پر کچرا ڈالنے سے وبائی امراض پھیلنے کا خطرہ برقرار ہے۔ 1