ممبئی، 26 مئی (ایجنسیز) 1990 کی دہائی کی مشہور فلموں میں شامل ’’ کھل نائک‘‘ کا سیکوئل بنایا جارہا ہے۔ ’’کھل نائک‘‘ کے ہدایتکار سبھاش گھائی نے حال ہی میں تصدیق کی ہے کہ ’’کھل نائک‘‘ کے سیکوئل کی اسکرپٹ مکمل ہوچکی ہے اور ٹیم کاسٹ اور عملے کی کاسٹنگ کے عمل کی طرف گامزن ہوچکی ہے۔‘‘ سبھاش گھائی نے بتایا کہ ’’جی ہاں! کھل نائک کی اسکرپٹ مکمل ہوچکی ہے اور کاسٹ اور تکنیک کاروں کے بارے میں بھی جلد ہی فیصلہ کر لیا جائے گا۔‘‘ سنجے دت کی اداکاری سے سجی فلم ’’کھل نائک‘‘ 1993 میں ریلیز ہوئی تھی۔ اس فلم میں سنجے دت کے علاوہ مادھوری دکشت نے گنگا کا کردار نبھایا تھا۔ فلم کے سیکوئل میں نئی کاسٹ نظر آنے کے امکانات ہیں۔ سبھاش گھائی نے اشارہ دیاہے کہ سنجے دت اور مادھوری دکشت فلم میں اسپیشل اپیرئنس (خصوصی کرداروں) میں نظر آسکتے ہیں۔ فلم کے سیکوئل میں نئے اداکاروں کو کاسٹ کیا جائے گا جن میں نوجوان اداکار شامل ہوسکتے ہیں۔ ’’کھل نائک‘‘ ایک کرائم ڈراما فلم ہے جس کی ہدایتکاری سبھاش گھائی نے انجام دی ہے اور انہوں نے ہی اس فلم کو مکتا آرٹس ایل ٹی ڈی کے تحت پروڈیوس کیا ہے۔ یہ فلم ایک سب انسپکٹر رام اور اس کی گرل فرینڈ گنگا کی زندگی کے اطراف گھومتی ہے۔ ’’کھل نائک‘‘ 6 اگست 1993 کو سنیما گھروں میں ریلیز ہوئی تھی۔ اس فلم نے 11 نامزدگیاں حاصل کی تھیںاور بہترین پلے بیک سنگر اور بہترین سینماٹوگرافی کا ایوارڈ جیتا تھا۔
