کھمم جلسہ عام کو ناکام بنانے سرکاری مشنری متحرک، آر ٹی سی نے بسوں کی فراہمی سے انکار کیا

   

چیک پوسٹس پر گاڑیوں کی ضبطی، ڈائرکٹر جنرل پولیس سے ریونت ریڈی کا ربط، پولیس کے رویہ پر احتجاج
حیدرآباد۔/2جولائی، ( سیاست نیوز) کانگریس قائد راہول گاندھی کے کھمم جلسہ عام کو ناکام بنانے کیلئے سرکاری مشنری متحرک کردی گئی تھی باوجود اس کے عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کے ذریعہ برسراقتدار پارٹی کے منصوبوں کو ناکام بنادیا۔ کھمم جو بی آر ایس کا گڑھ تصور کیا جاتا ہے وہاں سابق رکن پارلیمنٹ پی سرینواس ریڈی نے کانگریس میں شمولیت اختیار کرتے ہوئے اپنی طاقت کا مظاہرہ کیا۔ سرینواس ریڈی کی کانگریس میں شمولیت کے نتیجہ میں ضلع میں کانگریس مستحکم ہوگی اور بی آر ایس کو نقصان ہوگا۔ سرینواس ریڈی نے کے سی آر کو چیلنج کیا تھا کہ کانگریس کے جلسہ میں عوام کی تعداد بی آر ایس کے جلسہ سے زیادہ رہے گی۔ کانگریس نے عوام کو منتقل کرنے کیلئے آر ٹی سی بسوں کو کرایہ پر حاصل کرنے کی درخواست دی لیکن آر ٹی سی حکام نے مسترد کردیا۔ بتایا جاتا ہے کہ ضلع سے تعلق رکھنے والے وزیر ٹرانسپورٹ پی اجئے کمار کے دباؤ کے تحت آر ٹی سی حکام نے بسیں دینے سے انکار کردیا۔ جگہ جگہ پولیس چیک پوسٹس لگائے گئے اور خانگی گاڑیوں کے دستاویزات کی جانچ کی جانے لگی۔ اطلاعات کے مطابق پولیس نے سینکڑوں کی تعداد میں گاڑیوں کو ضبط کرلیا جن میں آٹوز، کاریں اور لاریاں شامل ہیں۔ جلسہ عام میں شرکت کیلئے آنے والے افراد کو تقریباً 5 کیلو میٹر سے پیدل چلنے کی زحمت سے گذرنا پڑا۔ صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی پابندیوں کی اطلاع ملتے ہی حیدرآباد سے کھمم پہنچ گئے اور ڈائرکٹر جنرل پولیس انجنی کمار سے ربط قائم کیا۔ انہوں نے پولیس کی جانب سے چیک پوسٹس کی برخواستگی کا مطالبہ کیا۔ پی سرینواس ریڈی نے الزام عائد کیا کہ کئی اہم قائدین کو پولیس نے مکانات پر محروس رکھا ہے۔ سابق مرکزی وزیر رینوکا چودھری نے کہا کہ رکاوٹوں کے باوجود عوام نے جلسہ عام کو کامیاب بنایا۔ رکن پارلیمنٹ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے پولیس کے رویہ کی مذمت کی اور کہا کہ پولیس عہدیداروں کو غیرجانبداری کے ساتھ خدمات انجام دینا چاہیئے۔ اسی دوران جلسہ عام کیلئے 15 ہزار گاڑیوں کا انتظام کیا گیا تھا جن میں بیشتر بسوں کو پولیس کی جانب سے روکنے کی کوشش کی گئی۔ بتایا جاتا ہے کہ پولیس نے 1700 گاڑیوں کو ضبط کرلیا اور مقدمات درج کئے۔ سابق رکن پارلیمنٹ سرینواس ریڈی کو پولیس عہدیداروں سے مسلسل ربط قائم کرنا پڑا۔ جلسہ عام کیلئے 100 ایکر اراضی پر انتظامات کئے گئے تھے جہاں کانگریس قائدین کے بڑے کٹ آؤٹس لگائے گئے۔ اسی دوران صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے پولیس کو انتباہ دیا کہ کانگریس برسراقتدار آنے پر حکومت کے ایجنٹ کے طور پر کام کرنے والے پولیس عہدیداروں کا حساب کیا جائے گا۔ر