کھمم ریالی سے بی جے پی کے خلاف عوامی مزاحمت کا آغاز: پی وجین

   

مودی حکومت جمہوریت ، دستور اور عدلیہ کی مخالفت۔مادری زبانوں پر ہندی کو مسلط کرنے کا الزام
حیدرآباد۔/18 جنوری، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کیرالا پی وجین نے کہا کہ بی آر ایس کی ریالی دراصل ملک میں بی جے پی کے خلاف عوامی مزاحمت کا آغاز ہے۔ کھمم میں بی آر ایس کی ریالی سے خطاب کرتے ہوئے چیف منسٹر کیرالا نے کہا کہ آج کی ریالی کے ذریعہ ہمیں نئی مزاحمت کا آغاز کرنا چاہیئے تاکہ فرقہ پرست اور نفرت کی سیاست کا خاتمہ ہو۔ وجین نے کہا کہ مرکز میں برسراقتدار بی جے پی جمہوریت کی بنیاد وں کو کمزور کررہی ہے۔ مرکز میں آج برسراقتدار افراد ملک کی جدوجہد آزادی کے وقت موجود نہیں تھے۔ وہ نہیں جانتے کہ ہندوستان کی تعمیر کن نظریات اور اصولوں کی بنیاد پر کی گئی ہے۔ وہ چاہتے ہیں کہ ملک کے بنیادی ڈھانچہ کو تبدیل کریں۔آزادی کا امرت مہااُتسو تقاریب کے نام پر ہندوستان کی بنیادوں کو کمزور کرنا چاہتے ہیں اور جمہوریت اور دستور کو بھی نشانہ بنایا جارہا ہے۔ چیف منسٹر کیرالا نے کہا کہ انگریزوں سے معافی مانگنے والے افراد کے حامی آج ملک میں برسراقتدار ہیں۔ ان کے سیاسی آقاؤں نے ملک میں آمریت کی برقراری کیلئے انگریزوں سے عہد کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی سوشلزم اور جمہوریت کے خلاف ہے۔ بی جے پی زیر قیادت مرکزی حکومت ملک کے بنیادی اصولوں کی مخالفت کررہی ہے۔ چیف منسٹر کیرالا نے کہاکہ بی جے پی ہندی کو قومی زبان کے طور پر پیش کررہی ہے اور علاقائی زبانوں کو نظرانداز کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیگر مادری زبانوں پر ہندی کو مسلط کرنے سے ملک کی یکجہتی کو خطرہ لاحق ہوگا۔ عدلیہ کی آزادی سلب کرنے کی کوششوں کا حوالہ دیتے ہوئے چیف منسٹر کیرالا نے مرکزی وزیر قانون کی جانب سے چیف جسٹس آف انڈیا کو روانہ کردہ مکتوب کا حوالہ دیا جس میں ججس کے تقررات میں حکومت کی شمولیت کی بات کی گئی ہے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ نائب صدر جمہوریہ جگدیپ دھنکر بھی دستور کی روح کے خلاف بیانات دے رہے ہیں۔ وجین نے کہا کہ نریندر مودی حکومت کارپوریٹ اداروں کی بھلائی کیلئے کام کررہی ہے۔ر