کھمم ضلع میں سیاحتی مراکز کی ترقی کیلئے ایکشن پلان تیار کرنے کی ہدایت

   

ریاستی وزراء جوپلی کرشنا راؤ اور ناگیشور راؤ کا عہدیداروں کے ساتھ اجلاس
حیدرآباد ۔ 28 ۔ جولائی (سیاست نیوز) وزیر سیاحت جوپلی کرشنا راؤ اور وزیر زراعت ٹی ناگیشور راؤ نے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ اجلاس میں متحدہ ضلع کھمم میں سیاحت کے فروغ کے اقدامات کا جائزہ لیا۔ ریاستی وزراء نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ سیاحتی مقامات کی ترقی پر توجہ مرکوز کی جائے۔ ٹورازم کارپوریشن کے مینجنگ ڈائرکٹر اے کرانتی نے کھمم ضلع میں سیاحتی مراکز اور پراجکٹس کی تفصیلات سے واقف کرایا۔ پالیرو ذخیرہ آب کے علاوہ بدھا کی یادگار ، بھدراچلم ٹمپل ، کتہ گوڑم ، کنیگری ہلز ، وائیرا ذخیرہ آب ، اربن پارک اور دیگر مقامات کو سیاحتی مراکز کے طور پر ترقی دینے کے منصوبہ کو قطعیت دی گئی۔ ریاستی وزراء نے کہا کہ کھمم ضلع میں سیاحت کے فروغ کے لئے بہتر مواقع موجود ہیں۔ ذخائر آب کے علاوہ تاریخی مندروں اور دیگر مذہبی مقامات پر یاتریوں کی آمد کے علاوہ سیاحتی سرگرمیوں کو فروغ دیا جاسکتا ہے ۔ حکومت کی سطح پر بھدرا چلم مندر کی ترقی کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ ریاستی وزراء نے ضلع کلکٹر اور محکمہ سیاحت کے عہدیداروں کے درمیان بہتر تال میل کی ہدایت دی ۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی آئندہ ماہ کھمم ضلع کا دورہ کریں گے اور سیاحتی مقامات کی ترقی کا جائزہ لیں گے۔ کھمم شہر کے قریب 500 ایکر اراضی کو ایکو ٹورازم مرکز میں تبدیل کرنے کا منصوبہ ہے ۔ ریاستی وزراء نے عہدیداروں کو ایکشن پلان تیار کرنے کی ہدایت دی۔ 1