کھمم ضلع کانگریس کے تقرر پر رکن کونسل سدھاکر ریڈی ناراض

   

حیدرآباد ۔ 8۔ فروری (سیاست نیوز) کانگریس کے رکن قانون ساز کونسل پی سدھاکر ریڈی نے کھمم کے ضلع کانگریس صدر اور کارگزار صدر کے تقرر پر اپنی ناراضگی کا اظہار کیا۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے سدھاکر ریڈی نے کہا کہ ضلع کے تمام قائدین کو ساتھ لے کر کام کرنے کی ضرورت ہے تاکہ لوک سبھا کے بہتر نتائج برآمد ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ضلع کانگریس کمیٹی کے تقررات میں کھمم کے ایک قائد کے حامیوں کو موقع دیا گیا ہے جبکہ دیگر قائدین کے حامیوں کو نظر انداز کردیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ تقررات میں توازن قائم نہیں رکھا گیا۔ سدھاکر ریڈی نے کہا کہ محض ایک گروپ کی جانب سے اسمبلی ٹکٹ اور ڈسٹرکٹ کانگریس کمیٹی کے عہدوں پر دعویداری افسوسناک ہے ۔ تقررات سے قبل تمام قائدین کی رائے حاصل کی جانی چاہئے تھی ۔ بعض قائدین کا یہ خیال مناسب نہیں ہے کہ وہ کچھ بھی کرسکتے ہیں۔ اس طرح کے رویہ سے کھمم میں پارٹی کو نقصان ہوسکتا ہے۔