کھمم میں اوقافی جائیداد کے تحفظ کیلئے خواتین کی سرگرم جدوجہد

   

ایم ایل سی جناب عامر علی خان سے ملاقات۔ جدوجہد میں مدد کی خواہش
حیدرآباد 15 جولائی : ( سیاست نیوز ) : ضلع کھمم میں اوقافی جائیدادوں کے تحفظ کیلئے خواتین نے جدوجہد کا آغاز کردیا ہے ۔ کھمم کے 14 ویں ڈیویژن میں موجود اوقافی جائیداد عیدگاہ اور قبرستان کے تحفظ کیلئے خواتین نے اڈہاک کمیٹی کا قیام عمل میں لایا ہے ۔ اوقافی جائیدادوں کو بچانے ان خواتین نے عزم کا اظہار کیا ہے ۔ خواتین کی کثیر تعداد نے حیدرآباد کا رخ کیا اور رکن قانون ساز کونسل جناب عامر علی خاں سے ملاقات کی اور انہیں ایک یادداشت پیش کرکے اوقافی جائیدادوں کے تحفظ میں جاری مہم مدد کی اپیل کی ۔ نائب صدر شیخ غوثیہ اور شیخ نازنین جوائنٹ سکریٹری دیگر نے بتایا کہ کھمم کے 14 ویں ڈیویژن کے گولہ گڈیم موضع میں عیدگاہ اور قبرستان کے تحت 23 ایکر اوقافی اراضی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ اس اراضی پر ہر سال اجتماع منعقد کیا جاتا ہے ۔ اس کے علاوہ مزید 50 ایکر وقف جائیداد کو سابقہ وقف بورڈ کی جانب سے پلاٹس تیار کرکے مسلمانوں کو لیز پر دینے کی درخواست بھی دی گئی لیکن اس کام میں رکاوٹیں پیدا کی جارہی ہیں ۔ انہوں نے متولی افراد پر اجارہ داری کا الزام لگایا اور کہا کہ مقامی متولی عارضی طور پر مقرر ہیں ان کا انتخاب باضابطہ نہیں ہوا ۔ خواتین نے ان متولیوں کو فوری برخاست کرنے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ ان کے خلاف کارروائی کی جانی چاہئے ۔ خواتین نے متولی افراد پر اوقافی جائیدادوں کے تحفظ میں ناکامی اور ناجائز قبضہ کرنے کا الزام لگایا اور کہا کہ اوقافی جائیدادوں کے تحفظ ان کی مہم جاری رہے گی ۔۔