بعض نوجوانوں کی گرفتاری و رہائی، تاجرین اور دیگر طبقوں کی ریالی
کھمم۔/29 جنوری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) نوجوانان شہر کھمم و قریشی برادران کی جانب سے کالے قوانین اور ای وی ایم کے خلاف ایک بڑی ریالی نکالتے ہوئے مختلف علاقوں سے گزرتے ہوئے عوام کو دکانات بند کرنے کی پُرامن طریقہ سے ترغیب دے رہے تھے۔ کھمم شہر کے بعض اسکول اور کالجس کے ذمہ داروں نے تعطیل کا اعلان کردیا تھا ۔ مشن اسوسی ایشن کھمم شہر کے صدر محی الدین کی زیر نگرانی قریشی برادران نے کالے قوانین اور ای وی ایم کے خلاف بڑی ریالی نکالی اور ویرا روڈ کھمم پر واقع گوشت مارکٹ کو مکمل بند رکھا۔ جمعیت العلماء کھمم کے صدر مولانا سعید احمد قاسمی ، مفتی جلال الدین قاسمی نے آج بھارت بند کے سلسلہ میں اپنی مکمل تائید و تعاون کا اعلان کیا۔ نوجوانان شہر کھمم آج صبح سے ہی رضاکارانہ طور پر ریالی کی شکل میں نکلتے ہوئے بازاروں کو بند کرانے کی منظم طریقہ سے دکانداروں کو ترغیب دے رہے تھے۔ یہاں اس بات کا ذکر بیجانہ ہوگا کہ کھمم کے مشہور و معروف تجارتی علاقے، اسٹیشن روڈ، کمان بازار، جی وی مال سینٹر، قصبہ بازار، بی کے بازار، مدینہ مسجد مارکٹ روڈ، ویرا روڈ، گاندھی چوک علاقے جہاں بڑے بڑے شورومس واقع ہیں ان علاقوں میں ہندو برادران نے اپنے اپنے دکانات اور شورومس کو کالے قوانین کے خلاف اور ای وی ایم کے خلاف رضاکارانہ طور پر آج مکمل بند رکھا اور مرکزی حکومت کے خلاف اپنے غم و غصہ کا اظہار کررہے تھے۔ آج کے بند میں ہندو مسلم اتحاد اور گنگاجمنی تہذیب کا بہترین نمونہ کھمم پیش کررہا تھا۔ آج صبح کھمم کے محلہ مومنان کے کچھ نوجوانوں کو بند کے دوران خانہ پورم کھمم پی ایس سے وابستہ اے ایس آئی اور کانسٹبلوں نے گرفتار کرتے ہوئے خانہ پورم پولیس اسٹیشن کھمم منتقل کیا جس کی اطلاع ملتے ہی حافظ محمد جواد احمد امام و خطیب مسجد زین العابدین مرکز ، نریندر نوا تلنگانہ بیروکھمم ،قدیر وی سکس بیروکھمم ، کرشنا نمستے تلنگانہ ان صحافیوں نے فوری خانہ پورم پولیس اسٹیشن پہنچ کر سرکل انسپکٹر وین کنا بابو سے بات چیت کرکے ان نوجوانوں کو فوری رہا کرادیا۔ بہرحال کھمم شہر میں سی اے اے مجوزہ این پی آر ، این آر سی، ای وی ایم کے خلاف آج بھارت بند اپیل پر بند پُرامن اور کامیاب رہا۔