کھمم میں ترقیاتی اسکیمات کیلئے وزیر ٹرانسپورٹ کا جائزہ اجلاس

   

حیدرآباد: وزیر ٹرانسپورٹ پی اجئے کمار نے پرنسپل سکریٹری بلدی نظم و نسق اروند کمار کے ہمراہ ضلع کھمم کے ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔ کھمم میونسپل کارپوریشن کے حدود میں ترقیاتی اسکیمات پر عمل آوری اور بجٹ کی اجرائی کے سلسلہ میں عہدیداروں سے رپورٹ طلب کی گئی ۔ وزیر ٹرانسپورٹ نے کہا کہ کھمم میں پانی کی سربراہی کے موقف کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے ۔ حکومت نے امرت اسکیم کے تحت 192 کروڑ روپئے جاری کئے ہیں۔ باوجود اس کے پانی کی سربراہی کا موقف بہتر نہیں ہوا ہے۔ پرنسپل سکریٹری نے متعلقہ ایجنسی کے خلاف کارروائی کی ہدایت دی ۔ کھمم میں ویجیٹرین اور نان ویجیٹیرین مارکٹس کی تعمیر کیلئے تین ایکر اراضی الاٹ کی گئی ہے۔ وزیر ٹرانسپورٹ نے کھمم کے زیر التواء پراجکٹ کے سلسلہ میں مقامی میئر اور دیگر عوامی نمائندوں سے تفصیلات حاصل کرتے ہوئے تیقن دیا کہ ضروری بجٹ کی منظوری اور پراجکٹس کی عاجلانہ تکمیل کے اقدامات کئے جائیں گے۔