سات ملزمین کیخلاف مقدمہ درج، فاسٹ ٹریک عدالت میں سماعت
حیدرآباد 28 جنوری (پی ٹی آئی) ضلع کھمم میں ایک قبائیلی عورت کے مبینہ اغواء اور اجتماعی عصمت ریزی کے ضمن میں سات افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ پولیس نے یہ اطلاع دیتے ہوئے کہاکہ پیر کو حراست میں لئے گئے ان تمام ملزمین کی عمر 24 تا 26 سال کے درمیان ہے۔ ان تمام سات ملزمین نے اس قبائیلی عورت کی اجتماعی عصمت ریزی کا منصوبہ بنایا تھا۔ جس کے مطابق دو ملزمین 24 جنوری کی رات 36 سالہ عورت کے گھر گئے اور اس کو ایک موٹر سائیکل پر بٹھاکر موضع رگھونادھا پالم کے قریب کپاس کے کھیت میں لے آئے جہاں پانچ دیگر ملزمین پہلے سے موجود تھے۔ تین ملزمین نے اس عورت کی عصمت ریزی کی اور چوتھا ملزم جرم کا ارتکاب کرنے ہی والا تھا کہ اس ٹولی نے پولیس پٹرولنگ گاڑی کی آواز سنی جو کھیت کی سمت بڑھ رہی تھی۔ چنانچہ وہ فوری وہاں سے بھاگ گئے۔ کھمم کے پولیس کمشنر تفسیر اقبال نے کہاکہ عورت 25 جنوری کو شکایت کی جس کی بنیاد پر مقدمہ درج کرلیا گیا۔ ملزمین کے خلاف فاسٹ ٹریک عدالت میں مقدمہ چلایا جائے گا۔