کھمم میں موقوفہ اراضی پر قبضوں کیخلاف کارروائی

   

حیدرآباد۔10۔ ستمبر ۔ (سیاست نیوز) کھمم میں موقوفہ اراضی پر ہونے والے قبضہ کے متعلق شکایت موصول ہونے پر صدرنشین وقف بورڈ جناب سید عظمت اللہ حسینی نے فوری کاروائی کرتے ہوئے متعلقہ انسپکٹر آڈیٹر کو ہدایت دی کہ موقوفہ اراضی پر جاری قبضہ کے خلاف کاروائی کرتے ہوئے اراضی کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے ۔ جناب سید عظمت اللہ حسینی صدرنشین تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ نے بتایا کہ ضلع کھمم کے موضع ویلوگومیٹلہ میں سروے نمبر 423 میں موجود موقوفہ اراضی پر غیر مجاز قبضہ اور تعمیرات کی کوششوں کی شکایات موصول ہونے کے بعد فوری طور پر تفصیلات حاصل کی گئیں اور اس اراضی کے تحفظ کے سلسلہ میں متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت دی گئی کہ وہ اراضی پر جاری سرگرمیوں پر فوری روک لگاتے ہوئے ضلع کلکٹر کو واقف کروائیں اور ناجائز قبضہ کو روکنے کیلئے اقدامات کریں۔ بتایاجاتا ہے کہ صدرنشین وقف بورڈ کی ہدایات کے بعد متعلقہ انسپکٹر آڈیٹر نے موقوفہ اراضی کا دورہ کرتے ہوئے اراضی پر قبضہ کیلئے کی جانے والی کوششوں کا جائزہ لیا اور موقوفہ اراضی پر کئے جانے والے قبضہ کو رکواتے ہوئے محکمہ مال کے عہدیداروں کو مطلع کرنے کے علاوہ متعلقہ پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروانے کے سلسلہ میں وقف بورڈ کے دفتر کو واقف کروایا ۔ضلع کھمم میں موجود اس انتہائی قیمتی موقوفہ اراضی پر مقامی عناصر کی جانب سے قبضہ کرتے ہوئے تعمیرات کی کوشش کی جا رہی تھی اور اس سلسلہ میں مقامی عوام نے صدرنشین وقف بورڈ کو مطلع کرتے ہوئے وقف جائیداد پر جاری سرگرمیوں کے متعلق واقف کروایا اور کہا کہ اس جائیداد کے تحفظ کے لئے فوری طور پر اقدامات کئے جائیں۔3