کھمم میں ٹک ٹاک ویڈیو بنانے والے بلدی ملازمین کا تبادلہ

   

حیدرآباد 16 جولائی ( پی ٹی آئی ) کھمم میونسپل کارپوریشن میں کام کرنے والے تقریبا 11 آوٹ سورسنگ ملازمین کا تبادلہ کردیا گیا ہے اور ان کی تنخواہ سے 10 یوم کی اجرت منہا کرنے کے احکام بھی جاری کئے گئے ہیں کیونکہ انہوں نے اپنے کام کے وقت کے دوران ٹک ٹاک موبائیل ایپ پر ویڈیو شوٹ کیا تھا ۔ ان ملازمین کو انتباہ دینے کے علاوہ کھمم میونسپل کارپوریشن کے کمشنر جے سرینواس راو نے ان ملازمین کے تبادلے کے احکام بھی جاری کئے ہیں جن میں مرد و خواتین دونوں ہی شامل ہیں۔ انہیں کارپوریشن آفس سے دوسری جگہ منتقل کیا جائیگا اور تنخواہ سے ان کی دس دن کی اجرت منہا کرلی جائیگی ۔ ایک سرکاری عہدیدار نے یہ بات بتائی ۔ ان تمام ملازمین کو انتباہ بھی دیا گیا ہے اور کہا گیاہے کہ انہوں نے اپنی اس حرکت سے کارپوریشن کی شبیہہ کو متاثر کیا ہے جو ناقابل قبول ہے ۔