کھمم میں 2 جولائی کو جلسہ ، راہول کی موجودگی میں اہم قائدین کی کانگریس میں شمولیت

   

نئی دہلی میں راہول گاندھی اور ملکارجن کھرگے سے تلنگانہ کے سینئر قائدین کی ملاقات، متحدہ طور پر الیکشن لڑنے کی تلقین
حیدرآباد ۔26۔ جون (سیاست نیوز) اے آئی سی سی قائد راہول گاندھی اور صدر کانگریس ملکارجن کھرگے نے آج نئی دہلی میں تلنگانہ کے کانگریس قائدین سے ملاقات کی اور آئندہ اسمبلی انتخابات میں متحدہ مقابلہ کی تلقین کی ۔ بی آر ایس کے سابق قائدین پی سرینواس ریڈی ، جوپلی کرشنا راؤ اور گروناتھ ریڈی نے اپنے حامیوں کے ساتھ راہول گاندھی اور ملکارجن کھرگے سے ملاقات کی اور کانگریس میں شمولیت کے فیصلہ سے واقف کرایا۔ کھمم ، محبوب نگر اور نظام آباد کے 35 سے زائد قائدین اس موقع پر موجود تھے۔ راہول گاندھی نے 2 جولائی کو کھمم میں جلسہ عام کی اجازت دی ہے جس میں وہ شریک ہوں گے اور سابق رکن پارلیمنٹ پی سرینواس ریڈی اور دیگر قائدین کی پارٹی میں باقاعدہ شمولیت ہوگی۔ بتایا جاتا ہے کہ راہول گاندھی اور ملکارجن کھرگے سے تینوں اضلاع کے شمولیت اختیار کرنے والے قائدین کا تعارف کرایا گیا۔ راہول گاندھی نے سابقہ قائدین کی گھر واپسی کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ اسمبلی انتخابات میں متحدہ مقابلہ کے ذریعہ کے سی آر کو شکست دی جاسکتی ہے۔ اس موقع پر جنرل سکریٹری اے آئی سی سی کے سی وینو گوپال، جنرل سکریٹری انچارج تلنگانہ مانک راؤ ٹھاکرے، صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی کے علاوہ سینئر قائدین اتم کمار ریڈی ، محمد علی شبیر ، کے جانا ریڈی ، وی ہنمنت راؤ ، رینوکا چودھری ، کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی ، مدھو یاشکی گوڑ، دامودر راج نرسمہا ، سمپت کمار ، سیتکا ، پی ویریا ، اے آئی سی سی سکریٹریز منصور علی خاں ، روہت چودھری اور دیگر قائدین موجود تھے۔ یہ ملاقات ابتداء میں راہول گاندھی کی قیامگاہ پر طئے کی گئی تھی لیکن بعد میں اے آئی سی سی دفتر میں ملاقات کا فیصلہ کیا گیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ راہول گاندھی اور ملکارجن کھرگے نے قائدین کی کانگریس میں شمولیت کا خیرمقدم کیا اور راہول گاندھی نے ریمارک کیا کہ یہ دراصل قائدین کی گھر واپسی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرناٹک کی طرح پارٹی قائدین کو مشترکہ حکمت عملی اختیار کرنی چاہئے ۔ راہول گاندھی نے مشورہ دیا کہ ’’کے سی آر ہٹاؤ تلنگانہ بچاؤ‘‘ نعرے کے ساتھ انتخابی مہم چلائی جائے۔ پی سرینواس ریڈی کی درخواست پر راہول گاندھی نے 2 جولائی کو کھمم میں جلسہ عام کی منظوری دی۔ جوپلی کرشنا راؤ نے ایک ہفتہ بعد محبوب نگر میں جلسہ عام منعقد کرنے کا ارادہ ظاہر کیا۔ کانگریس ہائی کمان محبوب نگر کے جلسہ عام کی تاریخ کا عنقریب تعین کرے گا۔ راہول گاندھی اور ملکارجن کھرگے نے امید ظاہر کی کہ کانگریس کے سابق قائدین کی گھر واپسی سے پارٹی مستحکم ہوگی۔ جوپلی کرشنا راؤ نے کہا کہ علحدہ تلنگانہ تحریک کے دوران انہوں نے وزارت سے استعفیٰ دیا تھا۔ تلنگانہ کیلئے جن نوجوانوں نے قربانیاں دی ہیں، انہیں کے سی آر نے فراموش کردیا ہے۔ وہ کے سی آر کو شکست دینے کے واحد ایجنڈہ کے تحت کانگریس میں شامل ہورہے ہیں ۔ ہائی کمان نے تیقن دیا کہ شمولیت اختیار کرنے والوں کے ساتھ کوئی ناانصافی نہیں ہوگی اور انہیں مناسب مقام دیا جائے گا۔ر