کھمم ‘ ناگر کرنول میں کورونا کیسوں میں اضافہ

   

عوام میں تشویش، طبی عملے میں کورونا کے سبب ہاسپٹل کا عملہ پریشان
حیدرآباد۔کھمم ضلع میں کورونا کے کیسس میں اچانک اضافہ سے عوام میں تشویش کی لہر دوڑ گئی اور ضلع حکام نے چوکسی اختیار کرلی ۔ ایک دن میں کورونا کے 12 پازیٹیو کیسس منظر عام پر آئے ہیں۔ ضلع ہیڈکوارٹر پر این ایس ٹی روڈ سے تعلق رکھنے والے ایک شخص میں حال ہی میں کورونا پازیٹیو پایا گیا تھا۔ اسے علاج کیلئے سرکاری ہاسپٹل سے رجوع کیا گیا۔ اس کے بعد مزید کیسس منظر عام پر آئے اور ان تمام کو کھمم کے گورنمنٹ ہاسپٹل کے آئسولیشن وارڈ میں علاج کیلئے رکھا گیا ہے۔ ضلع میں تاحال 44 پازیٹیو کیسس منظر عام پر آئے جبکہ ایکٹیو کیسس کی تعداد 18بتائی گئی ہے۔ ناگرکرنول ضلع میں بھی کورونا کے کیسس میں اضافہ سے گورنمنٹ ہاسپٹل کے دیگر مریضوں میں سنسنی دوڑ گئی۔ سرکاری ہاسپٹل میں کام کرنے والے اسٹاف نرس کے علاوہ ایک وارڈ بوائے میں کورونا کی علامات پائی گئیں جس کے بعد ہاسپٹل کے عملے میں خوف کا ماحول ہے۔ ان دونوں سے ربط میں آنے والے افراد کی نشاندہی کرتے ہوئے انہیں آئسولیشن میں رکھا گیا ہے۔ ضلع کلکٹر سریدھر نے بتایا کہ 3 پازیٹیو کیسس منظر عام پر آئے۔