حیدرآباد۔/24 اگسٹ، ( این ایس ایس ) کھمم سے تعلق رکھنے والا انجینئرنگ کا ایک طالب علم 22 سالہ جے سائی تیجا املی بن پر واقع مہاتما گاندھی بس اسٹیشن سے جمعرات کو لاپتہ ہوگیا۔ یہ نوجوان وگنان انجینئرنگ کالج کے میکانیکل انجینئرنگ شعبہ میں چوتھے سال میں زیر تعلیم ہے اور اپنے دوستوں کے ساتھ ایک پراجکٹ کیلئے یہاں پہنچا تھا۔
ایم جی بی ایس پر بس سے اترنے کے بعد سائی تیجا چائے نوشی کیلئے تنہا روانہ ہوا تھا جس کے کچھ دیر بعد لاپتہ ہوگیا۔
سائی تیجا کے باپ پُلا راؤ نے جو لنگا گوڑم گاؤں میں ایک آٹو ڈرائیور ہے 23 اگسٹ کی رات افضل گنج پولیس اسٹیشن میں اپنے بیٹے کی گمشدگی کی شکایت درج کروائی۔ پُلا راؤ نے کہا کہ اس کا بیٹا چند دوستوں کے ساتھ 22 اگسٹ کی صبح پانچ بجے حیدرآباد پہنچنے کے بعد اس کے دوست بیت الخلاء چلے گئے اور وہ تنہا چائے نوشی کیلئے روانہ ہوا تھا جس کے بعد سے پُر اسرار طور پر لاپتہ ہے۔
