کھمم کے اسسٹنٹ لیبر کمشنر پراسرار حالات میں لاپتہ، جنگلات میں قتل کا شبہ

   

ایک شخص 80 لاکھ روپئے کی ادائیگی یا پلاٹ دکھانے کے بہانے مدعو کرنے والا بھی لاپتہ
حیدرآباد 10 مارچ (پی ٹی آئی) تلنگانہ کے ضلع کھمم میں کام کرنے والے ایک اسسٹنٹ کمشنر لیبر (اے سی ایل) اچانک لاپتہ ہوگئے اور میڈیا رپورٹس نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ رقمی لین دین کے کسی مسئلہ پر (جھگڑے کے سبب) ضلع جیا شنکر بھوپلا پلی کے جنگلاتی علاقہ میں مردہ پائے گئے۔ تاہم ایک سینئر پولیس عہدیدار نے منگل کو کہاکہ یہ (ہلاکت) کی توثیق نہیں ہوئی ہے۔ عہدیداروں نے کہا ہے کہ اسسٹنٹ کمشنر لیبر آنند ریڈی کے بھائی نے 8 مارچ کو ان کی گمشدگی کی رپورٹ درج کروائی تھی اور چار خصوصی ٹیمیں اس ضمن میں کام کررہی ہیں۔ چند مشتبہ افراد پر نظر رکھی جارہی ہے۔ ورنگل پولیس کمشنر وی رویندر نے پی ٹی آئی سے فون پر کہاکہ ’ان (آنند) کے بھائی جو ایک فاریسٹ بیٹ آفیسر ہیں، 8 مارچ کو پولیس میں شکایت درج کروائی تھی کہ ان کے بھائی 7 مارچ سے لاپتہ ہیں۔ چنانچہ ایک مقدمہ درج کیا گیا ہے اور تحقیقات جاری ہیں۔ ان کا پتہ چلانے کے لئے چار ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ بعض مشتبہ افراد پر نظر رکھی گئی ہے۔ لیبر عہدیدار کے قتل سے متعلق میڈیا رپورٹس کے بارے میں استفسار پر سینئر پولیس عہدیدار نے وضاحت کرتے ہوئے کہاکہ ’جب تک ہم نعش تلاش کرکے دیکھ نہیں لیتے اس کی توثیق نہیں کرسکتے‘۔ آنند ریڈی کے ایک رشتہ دار نے اس دوران چند ٹیلی ویژن چیانلوں سے کہاکہ اُنھوں نے بتایا تھا کہ ایک شخص پردیپ ریڈی اُنھیں 70 تا 80 لاکھ روپئے دینا باقی ہے اور پردیپ نے آنند ریڈی کو بھوپلا پلی آنے کے لئے کہا تھا اور وہ وہاں گئے تھے۔ رشتہ دار نے کہاکہ پردیپ نے آنند سے کہا تھا کہ وہ اُنھیں نقد رقم دے گا یا پھر پلاٹ دکھائے گا۔ اس کے بعد سے آنند کا فون بند بتایا جارہا ہے اور پردیپ کا بھی کوئی اتہ پتہ معلوم نہ ہوسکا۔