نئی دہلی، 26 ستمبر (یو این آئی) کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ کو ان کے یوم پیدائش پر جمعہ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی شروع کردہ اقتصادی اصلاحات کی وجہ سے آج ملک تیزی سے اقتصادی ترقی کا تجربہ کر رہا ہے ۔ کھڑگے نے ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں انہیں یاد کرتے ہوئے کہا کہ ہم ملک کی تعمیر میں سابق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ کے تعاون کو یاد کرتے ہیں۔ وہ ہندوستان کی اقتصادی تبدیلی کے ایک نرم مزاج معمار تھے ۔ اقتصادی اصلاحات کے لیے ان کے نقطہ نظر نے مواقع کے نئے دروازے کھولے ، ایک خوشحال متوسط طبقہ تیار کیا اور بے شمار خاندانوں کو غریبی سے باہر نکالا۔ انہوں نے ڈاکٹر سنگھ کو انتہائی سادہ طبیعت والی شخصیت قرار دیتے ہوئے کہا کہ عاجزی اور وہ دانشمندی کے دھنی تھے۔