کھیلنے کیلئے پنجرے میں داخل بچہ شیر کے حملہ سے ہلاک

   

غزہ پٹی: اس چھوٹے بچے کو اس وقت معلوم نہیں تھا کہ اس کا انجام شیر کا لقمہ بننا لکھا ہے جب وہ جنوبی غزہ پٹی میں واقع خان یونس کے ایک مقامی چڑیا گھر میں کھیل رہا تھا۔ سیکورٹی اور طبی ذرائع کے مطابق پیر کے روز 6 سالہ بچے کی موت شیر کے کاٹنے کے بعد ہوئی۔پولیس کے ترجمان ایمن البطنیجی نے ایک بیان میں کہا کہ بچہ شیر کے پنجرے کے اردگرد حفاظتی حصار میں چڑھ گیا اور پنجرے کے کھلے ہوئے حصے کے قریب پہنچ گیا تو شیر نے اس پر حملہ کردیا۔ بچہ پہلے زخمی ہوا اور پھر فوت ہوگیا۔ پولیس نے واقعہ کی تحقیقات شروع کردی ہے۔ایک طبی ذریعہ نے پریس کو بتایا کہ جاں بحق ہونے والا بچہ حمادہ نضال اقطیط تھا۔ اس کی عمر 6 سال تھی۔ اسے زخمی ہونے کے بعد خان یونس کے ناصر ہاسپٹل منتقل کیا گیا تھا لیکن وہ وہاں دم توڑ گیا۔