بنگلورو۔ ہندستانی خواتین ٹیم کی تجربہ کار گول کیپر سویتا نے کہا ہے کہ اتنے لمبے عرصے کے بعد کھیلوں کی سرگرمیاں شروع کرنا خوشگوار ہے۔ پروٹوکول کے تحت 14 دن کے لئے قرنطینہ رہنے کے بعد ہندوستانی مردوں اور خواتین کی سینئر ٹیموں کے ممکنہ کھلاڑیوں نے بنگلور میں واقع نیشنل سنٹرآف اسپورٹس اتھارٹی (سائی) میں کھیلوں کی سرگرمیاں شروع کردی ہیں۔ہریانہ کے سرسہ سے تعلق رکھنے والی تجربہ کارگول کیپر سویتا نے کہا کہ یہ ہم سب کے لئے خوشی کا لمحہ ہے کیونکہ ہم سب اتنے دنوں کے بعد کھیلوں کی سرگرمیاں شروع کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔ ہم صرف اپنے کمرے میں جسمانی ورزش کرسکتے تھے لہذا سائی کے ایس او پی کے بعد باہر کی سرگرمیاں کرنا مثبت ہے ۔ جب ہم کمرے میں ورزش کرتے تھے تو خود کو فٹ رکھنا ضروری تھا لیکن کھیلوں کی سرگرمیاں کرنا خوشگوار ہے ۔