کھیلو انڈیا : مہاراشٹرا کی اکانکشا نے ٹینس گولڈ جیتا

   

پنچکولہ (ہریانہ): مہاراشٹرا کی اکانکشا نتورے اور گجرات کے دھرو ہرپارہ نے ہفتہ کو کھیلو انڈیا یوتھ گیمز میں ٹینس کے گولڈ میڈل جیت لئے جبکہ جموں و کشمیر کو اس کا دوسرا طلائی تمغہ سائیکلسٹ عادل الطاف نے دلایا۔ اکانکشا نے کرناٹک کی سنیتا مروری کو 6-7(4)، 7-6(4)، 6-4 سے ہرا کر طلائی تمغہ جیتا جس سے مہاراشٹرا (35گولڈ) نے میزبان ہریانہ (36) کے مقابل اپنا فرق کم کرلیاہے ۔ مہاراشٹرا کا جمعہ کو ملکھمب میں جیتاگیا طلائی تمغہ ابھی تک آفیشل ٹیبل میں شامل نہیں کیا ہے ۔ اکانکشا اور ان کی ٹیم ساتھی ویشنوی اڈکر کو ہریانہ کی شروتی اہلاوت سے واک اوور ملنے کے بعد کانسے کا تمغہ مل گیا۔ دھرو نے لڑکوں کے فائنل میں اتر پردیش کے روشیل کھوسلہ کو 6-4، 7-5 سے ہرا کر طلائی تمغہ جیت لیا۔ دریں اثنا، کیرالہ نے کلاریپائیٹو میں داوپر لگے تمام چاروں طلائی تمغے جیت لئے اور 14 طلائی تمغوں کے ساتھ ٹیبل میں چوتھے مقام پر پہنچ گیا۔ لڑکوں کے فٹ بال ایونٹ میں میزورم نے کرناٹک کو 4-0 سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنالی۔