ممبئی ۔ بالی ووڈ کے کھلاڑی اکشے کمار کے لئے حالات گزشتہ کئی سال سے خراب ہیں اور 2024 میں بڑے میاں چھوٹے میاں اور پھر سر پھیرا ناکام ہوئے اور اب نئی فلم ’’کھیل کھیل میں ‘‘ کا ٹریلر ریلیز ہوا ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ یہ ہلکی پھلکی کامیڈی فلم ہے اور اس میں بنیادی طور پر جوڑوں کی کہانی دکھائی گئی ہے۔ ازدواجی زندگی کے بعد مردوں کی ترجیحات کیا ہوتی ہیں، خواتین کی ترجیحات کیا ہوتی ہیں اور شادی میں ذاتی جگہ کی کیا اہمیت ہوتی ہے، ان تمام نکات کو اس فلم میں سمیٹنے کی کوشش کی گئی ہے۔ اکثر دیکھا گیا ہے کہ اکشے کمار اپنی فلموں میں فلرٹنگ سین کرتے رہتے ہیں۔ اس کے کردار صرف ایسے ہیں اور شروع سے ہیں۔گرم مسالہ جیسی فلموں کو کون بھول سکتا ہے؟ کھیل کھیل میں کا ٹریلر دیکھنے کے بعد بھی ایسا لگتا ہے کہ اکشے کی اسی فلم کو کیش کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ فلم کے کچھ مناظر دیکھنے کے بعد آپ کو فلم گرم مسالہ کے مناظر یاد آنے لگیں گے۔ فلم کی بات کریں تو یہ 15 اگست کو سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔ اس فلم کے ساتھ جان ابراہم کی فلم ویدا اور شردھا کپورکی استری 2 فلم بھی ریلیز ہوں گی۔ اس یوم آزادی پر ان تینوں فلموں کے درمیان سخت مقابلہ ہوگا۔ اس فلم میں اکشے کے مقابل وانی کپور نظر آئیں گی لیکن حالات یہ بتارہے ہیں کہ شاید اکشے نام ایک اور ناکام فلم درج ہوگی۔