پٹنہ، 8 جولائی (یو این آئی) بہار کے بڑے تاجر اور مگدھ اسپتال کے مالک گوپال کھیمکا کے قتل سے جڑا ایک مشتبہ مجرم پولیس مقابلے میں مارا گیا۔ پولیس ذرائع نے منگل کو یہاں بتایا کہ پیر کو پولیس نے کھیمکا قتل معاملے کے شوٹر اومیش عرف وجے کو مالسلامی علاقہ سے گرفتار کیا تھا۔ گوپال کھیمکا کے قتل سے جڑے ایک مشتبہ وکاس عرف راجہ کی گرفتاری کے لیے جب پولیس آج مالسلامی تھانہ علاقہ میں واقع اس کے گھر پہنچی تو اس نے پولیس پر فائرنگ شروع کردی۔ پولیس نے بھی اپنے دفاع میں گولی چلائی اور راجہ اس انکاونٹر میں مارا گیا۔ذرائع نے بتایا کہ شوٹر امیش کو راجہ نے ہتھیار فراہم کیے تھے ۔ پٹنہ کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کارتیکیہ شرما نے کہا کہ راجہ کا کھیمکا قتل معاملے سے براہ راست کوئی تعلق نہیں ہے ۔ تاہم اس کے خلاف پہلے ہی کئی مقدمات درج تھے ۔متعدد قتل میں اس کانام شامل ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ زیر حراست ملزمان سے پوچھ گچھ جاری ہے ۔ قابل ذکر ہے کہ گوپال کھیمکا جمعہ کی دیر رات اپنی کار سے گھر لوٹ رہے تھے ۔ جیسے ہی وہ ہوٹل پناش کے قریب واقع اپنے اپارٹمنٹ کے گیٹ پر پہنچے تو پہلے سے گھات لگا ئے بدمعاشوں نے انہیں گولی مار کر ہلاک کر دیا۔