لکھنؤ، 18 ستمبر (یو این آئی) منشیات پیدا کرنے اور برآمد کرنے والے ممالک کی فہرست میں چین، افغانستان، پاکستان سمیت 23 ممالک کے ساتھ ہندوستان کو شامل کرنے پر امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے فیصلے پر سماج وادی پارٹی کے قومی صدر اکھلیش یادو نے سخت اعتراض کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کا منشیات پیدا کرنے اور برآمد کرنے والے ممالک میں شامل کیا جانا ملک کیلئے انتہائی شرمناک ہے ۔ ساتھ ہی انہوں نے پوچھا کہ کہاں گئی وہ خارجہ پالیسی جس کا ڈنکا پیٹا جا رہا تھا۔جمعرات کے روز اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے اکھلیش یادو نے کہا کہ جس امریکی صدر کیلئے بی جے پی کے لوگ ہون پوجن کرتے پھر رہے تھے ، جیت کی دعائیں مانگ رہے تھے اور خوشیاں منارہے تھے ، پٹاخے پھوڑ رہے تھے ، اسی امریکی صدر نے ہندوستان کی سخت بے عزتی کی ہے ۔ ہندوستان کو پاکستان کے ساتھ منشیات پیدا کرنے اور برآمد کرنے والے ممالک کی فہرست میں ڈال دیا، یہ ملک کیلئے انتہائی شرمناک ہے ۔ کہاں گئی وہ خارجہ پالیسی جس کا ڈنکا پیٹا جا رہا تھا۔اکھلیش نے کہا کہ دراصل منشیات اور غیر قانونی دھندوں میں بی جے پی کے لوگ شامل ہیں اور اسی وجہ سے ہی ملک کا وقار مجروح ہو رہا ہے ۔