’’ کہا ں ہے کے سی آر ‘‘ گجویل میں بی جے پی کے پوسٹر

   

پولیس میں گمشدگی کی شکایت ، پتہ بتانے والوں کو انعام کا اعلان
حیدرآباد۔/16 جون، ( سیاست نیوز) سابق چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے انتخابی حلقہ گجویل میں بی جے پی کارکنوں نے احتجاج کرتے ہوئے ’’ گمشدگی ‘‘ کے پوسٹرس چسپاں کئے۔ اسمبلی انتخابات میں گجویل اسمبلی حلقہ سے کامیابی کے بعد بتایا جاتا ہے کہ کے سی آر نے گجویل کے رائے دہندوں سے ملاقات نہیں کی۔ بی جے پی کارکنوں نے گجویل میں کے سی آر کے لاپتہ ہونے سے متعلق پوسٹرس کے ساتھ جلوس نکالا جس میں کے سی آر سے گجویل پہنچنے کا مطالبہ کیا گیا۔ ’’ کے سی آر لاپتہ ‘‘ کی سرخی کے ساتھ گجویل ٹاؤن کے کئی علاقوں میں پوسٹرس چسپاں کئے گئے۔ بی جے پی کارکنوں نے ’’ کہاں ہے کے سی آر‘‘ کے نعرے لگائے اور کہا کہ کے سی آر کو فوری گجویل میں رائے دہندوں کیلئے دستیاب ہونا چاہیئے۔ کے سی آر تین مرتبہ گجویل اسمبلی حلقہ سے کامیابی حاصل کرچکے ہیں اور بی جے پی کی شکایت کے مطابق وہ کبھی بھی عوام کیلئے دستیاب نہیں رہے۔ امبیڈکر اسکوائر، اندرا پارک چوراستہ، بس ڈپو اور گجویل میونسپل آفس پر پوسٹر چسپاں کئے گئے جس میں کہا گیا ہے کہ کے سی آر گذشتہ کئی برسوں سے کیمپ آفس میں بھی عوام کیلئے دستیاب نہیں ہیں۔ پوسٹر میں کے سی آر کا پتہ بتانے والوں کو مناسب انعام کا اعلان کیا گیا ۔ بی جے پی کارکنوں نے مقامی پولیس میں کے سی آر کے لاپتہ ہونے کی شکایت بھی درج کرائی ہے۔ اسمبلی انتخابات میں بی آر ایس کی شکست کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ گجویل اسمبلی حلقہ میں بی جے پی کارکنوں نے کے سی آر کے خلاف احتجاج کیا ۔1