کیا اٹلی بھیجی گئی 14 ٹن منشیات کے پیچھے شامی حکومت ملوث؟

   

واشنگٹن: امریکہ کے فاکس نیوز چینل نے ایک رپورٹ میں چونکا دینے والا انکشاف کرتے ہوئے بتایا ہیکہ گذشتہ ہفتے اٹلی کی پولیس نے ام فیٹامین نامی منشیات کی 14 ٹن مقدار قبضے میں لی ہے۔ اس مقدار میں ایم فیٹامن کی 8 کروڑ 40 لاکھ گولیاں تین بڑے بڑے بنڈلوں میں پیک کی گئی تھیں۔ یہ بنڈل شام میں داعش کی جانب سے تیار کیے گئے اور انہیں اٹلی بھیجا گیا تھا۔تاہم اطالوی ماہرین نے اس حوالے سے مزید تحقیقات کی ہیں اور کہا ہے کہ انہیں شبہ ہے کہ یہ منشیات داعش کی جانب سے نہیں بلکہ شامی حکومت کی طرف سے بھیجی گئی ہوں گی کیونکہ داعش کے پاس اتنی بڑی مقدار میں منشیات کی تیاری اور ترسیل کے وسائل نہیں ہیں۔اس حوالے سے اطالوی حکام کی نظریں شامی رجیم پر مرکوز ہیں۔ منشیات کی بھاری مقدار کی تیاری اور اس کی ترسیل میں شامی رجیم کے ملوث ہونے کا شبہ ہے۔اطالوی پولیس کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ منشیات کی بھاری مدار جنوبی علاقے مرفا سالیرنو میں پکڑی گئی۔ ضبط شدہ منشیات کی قیمت ایک ارب یورو سے زیادہ ہے۔ اس اعتبار سے یہ ایم فیٹا من کی اسمگلنگ کی دنیا کی سب سے بڑی کارروائی ہے۔